وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ فیول کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر بدلتی ہیں میں صرف عملدرآمد کرتا ہوں۔
پاکستان انرجی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ مجھ پر تنقید کرنے والے کہتے ہیں روز قیمتیں بدلتا ہوں، میں قیمتیں نہیں بدلتا، عالمی مارکیٹ میں ہر جمعے کو قیمتیں تبدیل نہیں ہوتیں۔
علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ مجھے کتنی محبت یا نفرت سے نوازا جاتا ہے، فرق اس بات سے پڑتا ہے کہ آج کے ان فیصلوں سے مستقبل میں کیا حاصل ہو گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں، توانائی میں خود کفالت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، پاکستان کی طویل مدتی توانائی سیکیورٹی یقینی بنانا ضروری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا رہا ہے، توانائی کے شعبے میں گردشی قرضوں میں نمایاں کمی لائی گئی ہے، توانائی شعبے کے تمام حصوں کے درمیان ہم آہنگی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد طویل المدتی اور میڈیم انرجی پالیسی پر کام کیا، وزیرِ اعظم نے ایک کمیٹی بنائی ہے جو ہر 2 ماہ بعد توانائی کی صورتِ حال کا جائزہ لیتی ہے۔
وزیرِ پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کےساتھ معاہدے کی روشنی میں اقدامات کر رہے ہیں، گزشتہ روز ڈیزل کی قیمتوں کی مد میں ریلیف دیا، آئل سیکٹر میں مڈ اسٹریم میں اصلاحات لا رہے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے مسائل نہ ہوں۔