فلم کالا ہرن کے پروڈیوسر امیت جانی نے دہلی ہائیکورٹ کے ٹیزر ہٹانے کے حکم کے خلاف بھارتی سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے، بتایا جاتا ہے کہ اس فلم کا مواد بالی سپر اسٹار سلمان خان کے شخصی حقوق کی خلاف ورزی پر مبنی ہیں۔
حال ہی میں دہلی ہائی کورٹ نے عبوری حکم میں فلم کے پروڈیوسرز کو فلم کا ٹیزر اور دیگر تشہیری مواد ہٹانے کو کہا تھا، کیونکہ عدالت کے مطابق اس میں سلمان خان کے شخصی حقوق کی خلاف ورزی بادی النظر میں نظر آتی ہے۔
اب پروڈیوسر امیت جانی نے اس حکم کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے۔ فلم کی تشہیری مہم نے اس وقت تنازع کھڑا کیا جب یہ الزام سامنے آیا کہ یہ فلم سلمان خان سے متعلق زیرِ التوا کالے ہرن کے شکار کے مقدمے پر مبنی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پروڈیوسر امیت جانی نے دہلی ہائی کورٹ کے اس حکم کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ہائی کورٹ نے ٹیزر کو روکتے ہوئے یہ واضح نہیں کیا کہ اس میں ایسا کون سا مخصوص قابل اعتراض مواد موجود ہے جس سے سلمان خان کی شخصیت کو غیر قانونی طور پر استعمال یا تجارتی طور پر پیش کیا گیا۔
اپیل میں کہا گیا کہ یہ مقدمہ آئینی اعتبار سے دور رس اہمیت کا حامل سوال اٹھاتا ہے، کیونکہ سلمان خان کا قانونی طور پر ناقابلِ قبول مؤقف تسلیم کرنے سے شخصی حقوق کو نجی سنسر شپ کے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
اپیل میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا کہ اگر کسی فلم ساز کے تخلیقی اظہار کو شخصی حقوق کی آڑ میں دبانے کی اجازت دی گئی تو اس سے آزاد فلم سازی، صحافت اور ایسے واقعات کی فنکارانہ منظرکشی پر منفی اثر پڑے گا جو پہلے ہی عوامی معلومات اور مفاد کا حصہ ہیں۔
کالا ہرن کا ٹیزر 17 جولائی کو جاری کیا گیا تھا، جس کے بعد تنازع نے جنم لیا۔ 27 جولائی کو دہلی ہائی کورٹ نے عبوری حکم جاری کرتے ہوئے فلم سازوں کو ٹیزر اور اس سے متعلق تشہیری مواد فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیا۔ عدالت کے مطابق یہ مواد بادی النظر میں سلمان خان کے شخصی حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہے اور ان کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتا ہے۔
سلمان خان نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ فلم کی تشہیر میں ان کی شخصیت کو ان کی اجازت کے بغیر تجارتی طور پر استعمال کیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ تقریباً دو منٹ دورانیے کے ٹیزر میں ایان خان نامی ایک فرضی کردار دکھایا گیا ہے، جس کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ اسے واضح طور پر انہی کی شخصیت کی عکاسی کے لیے تخلیق کیا گیا ہے۔
ان کی درخواست کے مطابق ٹیزر ایک عدالت کے منظر سے شروع ہوتا ہے جہاں ایک سپر اسٹار پر کالے ہرن کو مبینہ طور پر ہلاک کرنے کے الزام میں مقدمہ چلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ٹیزر میں گواہوں کے بیانات، فرانزک نتائج اور گواہوں کو دھمکانے یا انہیں ترغیب دینے جیسے واقعات کو بھی ڈرامائی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
جہاں تک سلمان خان کے پروفیشنل مصروفیات کا تعلق ہے تو وہ آخری بار سکندر اور فلم 7 ڈاگز میں نظر آئے تھے، جو بھارت میں 21 اگست کو ریلیز ہو رہی ہے۔ جبکہ اس وقت وہ اداکار و ہدایت کار وامشی پیڈی پلی اور پروڈیوسر دل راجو کے ساتھ ایک فلم کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ فلم ماتر بھومیبھی ان کے آئندہ منصوبوں میں شامل ہے۔