پاکستانی یوٹیوبر جوڑی سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی اور عروب جتوئی نے حالیہ قانونی تنازع اور اس دوران پیش آنے والے واقعات پر گفتگو کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے، کیس کے بارے میں سوال پر عروب جتوئی آبدیدہ ہو گئیں۔
ڈکی بھائی پہلے ہی سوشل میڈیا پر ایک معروف نام تھے، جبکہ عروب جتوئی نے ان سے شادی کے بعد شہرت حاصل کی، دونوں کو ماضی میں اپنے طرزِ زندگی اور مہنگی اشیاء کی نمائش کے باعث تنقید کا سامنا بھی رہا، تاہم حالیہ عرصے میں یہ جوڑا ایک مشکل قانونی صورتِ حال سے گزرا ہے۔
ڈکی بھائی کو مبینہ بیٹنگ ایپس کیس میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد وہ تقریباً 3 ماہ تک زیرِ حراست رہے، اس دوران عروب جتوئی اور ان کے اہلِ خانہ کو بھی ڈکی بھائی کی ضمانت کے لیے مختلف عدالتی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
عروب جتوئی نے ایک انٹرویو میں اس پورے معاملے پر گفتگو کی، جب ان سے کیس اور اس دوران گزرنے والے مشکل وقت کے بارے میں سوال کیا گیا تو وہ جذباتی ہو گئیں اور آنسوؤں پر قابو نہ رکھ سکیں۔
ڈکی بھائی نے عروب کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ میں بھی خود کو اسی کیفیت میں محسوس کرتا ہوں اور مجھے بھی رونا آتا ہے، تاہم میں نے اس تکلیف سے نمٹنے کے لیے مزاح کا سہارا لینا شروع کر دیا ہے۔
عروب جتوئی نے کہا کہ یہ واقعہ میرے لیے ایک ایسا صدمہ ہے جسے میں کبھی بھلا نہیں سکتی۔
دوسری جانب ڈکی بھائی نے بتایا کہ اس پورے واقعے کے بعد ہمارا خاندان بھی خوفزدہ ہے اور اس مشکل تجربے نے میری زندگی پر گہرا اثر ڈالا ہے۔