بدترین قرار دی جانے والی چینی اینی میٹڈ فلم ’نیو لائی‘ نے باکس آفس پر تہلکہ مچا دیا۔
پہلے ہفتے ناکامی کے بعد فلم کی قسمت پلٹی اور اس نے باکس آفس پر دی اوڈیسی اور اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے جیسی بڑی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
چین میں 5 اگست کو ریلیز ہونے والی یہ فلم ابتداء میں ایسی فلم دکھائی دیتی تھی جو شاید خاموشی سے گمنامی میں کھو جائے گی۔
ریلیز کے پہلے 10 دنوں میں اس نے صرف 7,700 یوآن، یعنی تقریباً 3 لاکھ 17 ہزار سے زائد پاکستانی روپے کمائے، جبکہ ملک بھر میں 300 سے بھی کم افراد نے اس کا ٹکٹ خریدا۔
اب یہ چینی اینیمیٹڈ فلم جسے ہر لحاظ سے ناقص قرار دیا گیا تھا، باکس آفس پر بلاک بسٹر فلموں کو پیچھے چھوڑ رہی ہے، بڑی تعداد میں ناظرین یہ دیکھنے کے لیے سنیما گھروں کا رخ کر رہے ہیں کہ فلم واقعی اتنی خراب ہے جتنی اس کے بارے میں کہا جا رہا ہے۔
نیُو لائی (Niu Lai) جس کے معنی ’گائے آ رہی ہے‘ ہیں، 86 منٹ دورانیے کی ایک اینی میٹڈ فلم ہے، جس کی کہانی ایک نومولود بچھڑے اور ایک چکور نما پرندے اسکائی لارک کے گرد گھومتی ہے، جن کا تعلق ایک تجریدی خواب نما سلسلے کے ذریعے دکھایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریلیز سے قبل فلم کے لیے نہ کوئی تشہیری مہم چلائی گئی اور نہ ہی اس کا ٹریلر جاری کیا گیا، تاہم فلم کی ریلیز کے بعد فلم کے کچھ مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے۔
فلم کے کلپس وائرل ہونے کے بعد ناظرین نے اس کے سادہ اور غیر معیاری کمپیوٹر گرافکس، بے جان کرداروں، غیر فطری آوازوں اور الجھی ہوئی کہانی کا مذاق اڑانا شروع کر دیا۔
بعض لوگوں نے اس کا موازنہ کسی طالب علم کے ناقص منصوبے سے کیا، جبکہ بعض نے اسے 2026ء کی بدترین فلم تک قرار دے دیا۔
یہی بات اس فلم کی مقبولیت کی وجہ بن گئی، فلم کا سوشل میڈیا پر اڑائے جانے والے مذاق نے اسے ایک میم میں تبدیل کر دیا، لوگ صرف یہ جاننے کے لیے ٹکٹ خریدنے لگے کہ آیا نیُو لائی واقعی اتنی ہی خراب ہے جتنی اس کے بارے میں دعوے کیے جا رہے ہیں۔
چینی ٹکٹنگ پلیٹ فارم ماویان کے مطابق فلم اب تک 14.9 ملین یوآن (تقریباً 61 کروڑ 39 لاکھ پاکستانی روپے) سے زیادہ کما چکی ہے، اس اچانک کامیابی نے اسے چین کی باکس آفس آمدنی کی فہرست میں کہیں زیادہ بڑے بجٹ کی فلموں کے ساتھ لا کھڑا کیا ہے۔
اس کامیابی کی خاص بات یہ بھی ہے کہ اطلاعات کے مطابق نیو لائی صرف 2 افراد نے 5 سال کے دوران بنائی، اس کے مصنف، ہدایت کار، پروڈیوسر اور صوتی فن کار کے طور پر شن یومینگ اور سن لی فانگ کے نام درج ہیں، جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ ماں اور بیٹے کی جوڑی ہیں۔