فورٹ ورتھ میں جشن آزادی کی تقریبات، پاکستانی کمیونٹی کی شرکت

ارونگ میں منعقدہ تقریب، جنگ فوٹو

پاکستان کے 79 ویں یومِ آزادی کے موقع پر ڈیلس، فورٹ ورتھ میٹروپلیکس میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے جشنِ آزادی کی رنگارنگ تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں کار ریلی، کرکٹ مقابلوں، موسیقی اور ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا گیا۔

”اسٹینڈ ودھ پاکستان“ کے زیر اہتمام جشنِ آزادی کی تقریبات ’پاکستان دی پیس میکر‘ کے عنوان سے منعقد کی گئیں، جن میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی، منتظمین کے مطابق تقریبات کا مقصد بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں، خصوصاً نئی نسل کو پاکستان کی ثقافت، تاریخ اور قومی شناخت سے جوڑنے کے ساتھ امریکی معاشرے میں امن، اتحاد اور باہمی احترام کا پیغام عام کرنا تھا۔

جشنِ آزادی کے سلسلے میں ایک خصوصی کار ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں سبز ہلالی پرچموں سے سجی گاڑیوں نے مقامی شہریوں کی بھی توجہ حاصل کی۔

ارونگ میں منعقدہ مرکزی تقریب میں میئر ارونگ البرٹ ’ال‘ زپانٹا، ٹیکساس اسٹیٹ رپریزنٹیٹو ٹیری میزا، نو منتخب کونسل ممبر سعد احمد سمیت مقامی رہنماؤں اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر ارونگ البرٹ زپانٹا نے پاکستانی نژاد امریکیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران پاکستانی کمیونٹی کے متعدد رہنماؤں سے ملاقاتوں میں انہوں نے ایسے لوگوں کو دیکھا جو امریکا آ کر اس ملک کا حصہ بننے اور پاکستانی امریکن کی حیثیت سے حقیقی معنوں میں ’امریکن ڈریم‘ کو جینے پر یقین رکھتے ہیں۔

میئر نے پاکستانی کمیونٹی کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ارونگ اور پاکستان کے درمیان ’سسٹر سٹیز‘ پروگرام کے قیام اور اسے مضبوط بنانے کے لیے کام کریں گے۔ 

ٹیکساس اسٹیٹ رپریزنٹیٹو ٹیری میزا نے اپنے خطاب میں پاکستانی اور مسلم کمیونٹی کو ارونگ کی سماجی اور ثقافتی زندگی کا اہم حصہ قرار دیا۔

انہوں نے پاکستانیوں کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان کے جشنِ آزادی میں شریک ہونے پر خوشی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ارونگ سٹی کے کونسل ممبر یاسر عرفات اور سبیل عباسی، افتخار درپن، سہیل پیر اور فصی شاہ، نے بھی اپنے خطاب میں پاکستانی کمیونٹی کو 79ویں یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔ 

اس موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی کا ویڈیو پیغام بھی حاضرین کو سنایا گیا جس میں انہوں نے کمیونٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی، بقا اور استحکام اور نظریۂ پاکستان کے فروغ کے لیے بیرونِ ملک پاکستانیوں کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔

ارونگ میں ہونے والی تقریب کا ایک نمایاں حصہ پاکستان کے لیجنڈری گلوکار تحسین جاوید کی زبردت پرفارمنس تھی، جنہوں نے اپنے معروف گیتوں اور ملی نغموں سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ شرکاء قومی پرچم لہراتے رہے جبکہ ملی نغموں پر پنڈال پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔

پلانو میں منعقدہ تقریب، جنگ فوٹو

دوسری جانب جشنِ آزادی کے سلسلے میں پلانو میں انعام درانی اور پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے ایک علحیدہ پروگرام مرتب کیا گیا جس میں مقامی شہروں کے میئرز نے بھی شرکت کی جبکہ پاکستان سے آئے معروف گلوکار جہانزیب نے اپنی بھرپور پرفارمنس سے تقریب میں موسیقی کے رنگ بکھیر دیے۔ 

جشنِ آزادی کی دونوں تقریبات میں سبز ہلالی پرچم نمایاں رہے اور شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بیرونِ ملک رہتے ہوئے بھی پاکستان کی ثقافت، تاریخ اور قومی شناخت کو اپنی آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کے ساتھ مقامی امریکی معاشرے میں پاکستان کے مثبت تشخص، امن، اتحاد اور بین المذاہب احترام کا پیغام اجاگر کرتے رہیں گے۔