عامر خان کی ویٹرنری کلینک ویڈیو پر عمران خان کا پاپارازی کو دوٹوک جواب

—تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

بالی ووڈ اداکار عامر خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان کے بھانجے عمران خان نے پاپارازی فوٹوگرافرز کو تنقید کا نشانہ بنا دیا۔

15 اگست کو عامر خان، کرن راؤ اور ان کے بیٹے آزاد کو ممبئی کے ایک ویٹرنری کلینک سے باہر آتے ہوئے دیکھا گیا، اس دوران ان کے ہاتھ میں پالتو جانور کا کیریئر بھی موجود تھا، جبکہ آزاد اپنی ٹی شرٹ سے آنسو پونچھتے نظر آئے۔

پاپارازی نے اس جذباتی لمحے کو کیمرے میں محفوظ کر لیا، جس کے بعد مداحوں میں تشویش پیدا ہوئی کہ آخر عامر خان کے پالتو بلی کے ساتھ کیا ہوا، بعض صارفین نے خاندان کے نجی اور جذباتی لمحے کی ویڈیو بنانے کو بھی غیر حساس رویہ قرار دیا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عامر خان کے بھانجے اور اداکار عمران خان نے بھی پاپارازی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

 بالی ووڈ ہنگامہ کی جانب سے ویڈیو شیئر کیے جانے پر عمران خان نے کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ میرے ماموں ایک عوامی شخصیت ہیں، تاہم یہ ایک بچے کے لیے واضح طور پر مشکل اور ذاتی نوعیت کا لمحہ تھا اور ایسے وقت میں اس کی ویڈیو شیئر کرنا مناسب نہیں۔

ایک سوشل میڈیا صارف نے عمران خان کے تبصرے پر کہا کہ ممکن ہے عامر خان نے خود پاپارازی کو وہاں بلایا ہو۔

اس پر عمران خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں آزاد کو جانتا ہوں اور وہ ایک بہترین بچہ ہے، چاہے میرے ماموں کے بارے میں لوگوں کی رائے کچھ بھی ہو، آزاد اس صورتِ حال کا مستحق نہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ اگر یہ مان بھی لیا جائے کہ عامر خان نے خود فوٹوگرافرز کو بلایا تھا، تب بھی کسی کو اس بچے کے جذبات کا خیال کرنا چاہیے تھا۔