سسلی کے میوزیم سے انٹونیلو دا میسینا کے شاہکار چوری

—تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

اٹلی کے جزیرے سسلی کے شہر میسینا میں قومی تعطیل کے دوران میوزیم سے 15 ویں صدی کے معروف مصور انٹونیلو دا میسینا کے 4 اہم فن پارے چوری ہو گئے۔

برطانوی اخبار گارجین کے مطابق چور ہفتے کی شام میسینا کے ریجنل میوزیم، ’میو می‘ میں داخل ہوئے۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چوروں نے 15 اگست کو اٹلی میں منائے جانے والے قومی تہوار ’فیرراگوستو‘ اور شہر میں جاری بڑے مذہبی تہوار ’لا وارا‘ کی سرگرمیوں سے فائدہ اٹھایا۔

چوروں نے میوزیم کے سیکیورٹی نظام کو ناکام بناتے ہوئے ایک محفوظ ڈسپلے باکس توڑا اور 15 ویں صدی کے عظیم مصور انٹونیلو دا میسینا کے 4 لکڑی کے پینلز چوری کر لیے۔

چوری ہونے والے فن پاروں میں ’پولیٹیکو دی سان گریگوریو‘ نامی شاہکار کے 5 باقی ماندہ پینلز میں سے 3 بھی شامل ہیں، یہ انٹونیلو دا میسینا کے اہم ترین فن پاروں میں شمار ہوتا ہے۔

میوزیم کی ڈائریکٹر ماریسا مرکیوری نے چوری کو انتہائی سنگین اور اہم نقصان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چوری ہونے والے فن پارے ناصرف میسینا بلکہ پورے سسلی کے لیے بے پناہ ثقافتی، فنی اور علامتی اہمیت رکھتے ہیں۔

ان کے مطابق اب امید یہی ہے کہ یہ فن پارے جلد از جلد برآمد کر لیے جائیں گے۔