فضا علی کی نمرہ خان کے سابق شوہر پر تنقید

—فائل فوٹو

اداکارہ فضا علی نے نمرہ خان اور ان کے سابق شوہر کے درمیان طلاق کے معاملے پر ردِعمل دیتے ہوئے سابق شوہر کو تنقید کا نشانہ بنایا اور خواتین کے احترام پر زور دیا ہے۔

نمرہ خان نے حال ہی میں دوسری شادی کی تھی اور شادی کی تصاویر اپنے نئے خاندان کے ساتھ سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں، تاہم کچھ ہی عرصے بعد دونوں کے درمیان اختلافات سامنے آ گئے اور فریقین کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف پوسٹس شیئر کی جانے لگیں۔

نمرہ خان کے شوہر نے سوشل میڈیا پر ’گڈ ریڈنس‘ (جان چھوٹ جانے) کا پیغام شیئر کیا، جسے صارفین نے دونوں کے درمیان علیحدگی کی علامت قرار دیا، بعدازاں انہوں نے اپنی سابق اہلیہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے طلاق کی تصدیق بھی کر دی۔

اب فضا علی نے نمرہ خان کے سابق شوہر کی پوسٹ پر ردِعمل دیتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایک مرد کو احترام کے ساتھ پیش آنا چاہیے اور اگر طلاق دینے کے بعد سکون مل گیا ہے تو یہ سوال بھی بنتا ہے کہ اس سے پہلے زندگی میں کیا ہو رہا تھا؟

فضا علی نے کہا کہ ایسی خاتون کا بھی احترام کیا جانا چاہیے جو اب آپ کی زندگی کا حصہ نہیں ہے، کیونکہ ایک دن وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھ جائے گی۔

اداکارہ نے کہا کہ طلاق کو جیت کا اعلان مت بنائیں، آپ نے کوئی ٹرافی نہیں جیتی، رشتہ ختم ہوا ہے عورت کی عزت نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ سر بلند رکھو نمرہ، رشتہ ٹوٹنے سے عورت کی قدر کم نہیں ہوتی اور ’گڈ ریڈنس‘ (جان چھوٹ گئی) کہنے سے آپ کی اہمیت ختم نہیں ہوتی۔