ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ایران کی ثابت قدمی نے دشمنوں کے اندازوں اور منصوبہ بندی کو ناکام بنا دیا۔
پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کشیدگی کم کرنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، پاکستان اور قطر کے علاوہ کوئی اور ثالث موجود نہیں۔
اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت میں 60 دن کی ڈیڈ لائن کی کوئی شرط شامل نہیں، امریکا نے ایم او یو پر دستخط کے چند ہفتوں بعد ہی شرائط کی خلاف ورزی کی۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں عدمِ تحفظ کی وجہ امریکا کے غیر قانونی اقدامات ہیں، بعض فریقوں نے مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کیں، سبوثاژ کرنے کی کوششوں کے باعث مذاکراتی عمل طویل ہو گیا، ایران ڈیڈ لائنز اور الٹی میٹمز کے دباؤ میں فیصلے نہیں کرتا۔
ان کا کہنا ہے کہ عمان کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، فریقین آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو محفوظ بنانے کے طریقہ کار پر کام کر رہے ہیں، ایم او یو میں مقرر ڈیڈ لائن پابندیوں کے خاتمے اور جوہری معاملے پر مذاکرات کرنے کے لیے تھی۔