امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ لیوی کے نام پر غریب عوام کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، حکومت آئے روز ہم پر پیٹرول بم پھینکتی ہے۔
لاہور میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے کہا کہ پیٹرولیم قیمتیں عالمی منڈی میں بڑھی ہیں، ریفائن آئل لیں گے تو یہ مہنگا ملے گا، اس کا بوجھ عوام پر پڑتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ حکومت نے ریفائنری کو اپ گریٹ نہیں کیا، موٹر سائیکل چلانے والے لوگ لیوی کا بھتہ دے رہے ہیں، پیٹرول کی قیمت جب بڑھتی ہے تو ہر چیز کی قیمت بڑھ جاتی ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ جو بجلی بنی ہے اس کی لاگت کم اور جو بجلی نہیں بنی اس کی لاگت زیادہ ہے، بجلی کا بل 201 یونٹ ہوا تو بل چھلانگ لگا کر 10 ہزار پر چلا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جب صحیح عدالتی نظام آئے گا ان سب کا آڈٹ اور ٹرائل بھی ہو گا، آڈٹ اور ٹرائل ہو گا تو سب کے اثاثے سامنے آئیں گے، یہ دھرنا کسی کی ذات کے لیے نہیں، عوام کے لیے ہے۔