مقتول بابا صدیقی کے بیٹے کو بھی قتل کی دھمکیاں ملنے لگیں

فوٹو: بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے سابق وزیر اور نیشنل کانگریس پارٹی (این سی پی) کے مقتول  رہنما بابا صدیق کے  بیٹے ذیشان صدیقی کو قتل کی دھمکیاں ملنے لگیں۔

ذیشان صدیقی نے حالیہ دنوں میں 2 مرتبہ مبینہ طور پر قتل کی دھمکیاں ملنے کے بعد جمعہ کو ممبئی کے باندرہ ویسٹ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروا دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ذیشان صدیقی کو ایک ایسے شخص کی جانب سے دھمکی دی گئی، جس نے خود کو گینگسٹر روہت گودارا سے وابستہ قرار دیا تھا۔

ذیشان صدیقی کو بیرون ملک موجودگی کے دوران موبائل فون پر ایک وائس نوٹ موصول ہوا۔

رپورٹ کے مطابق کال کرنے والے نے اپنا نام ذیشان اختر بتایا، وائس نوٹ پرتگال کے ایک فون نمبر سے بھیجا گیا تھا۔

کال کرنے والے نے مبینہ طور پر خود کو گودارا گینگ کا رکن قرار دیتے ہوئے ذیشان صدیقی کو قتل کرنے کی دھمکی دی اور یہ دعویٰ بھی کیا کہ اس نے 2 سال قبل گینگ کے ایک ساتھی کو ذیشان کے والد بابا صدیقی کو قتل کرنے کا حکم دیا تھا۔

ممبئی واپس پہنچنے کے بعد ذیشان صدیقی نے باندرہ پولیس سے رابطہ کیا اور واقعے کی شکایت درج کروائی۔

خیال رہے کہ ذیشان صدیقی، مقتول این سی پی رہنما بابا صدیقی کے بیٹے ہیں۔ انہوں نے ایک اور فون کال کے ذریعے بھی قتل کی دھمکی ملنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ذیشان صدیقی کو اس سے قبل بھی مبینہ طور پر انڈر ورلڈ کی جانب سے دھمکی مل چکی ہے۔ حکام کے مطابق گزشتہ سال 22 اپریل کو انہیں ایک ای میل کے ذریعے دھمکی دی گئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ انہیں ان کے والد کی طرح قتل کردیا جائے گا۔

ای میل میں مبینہ طور پر 10 کروڑ بھارتی روپے تاوان بھی طلب کیا گیا تھا۔

سابق این سی پی رہنما بابا صدیقی کو 12 اکتوبر 2024ء کو ممبئی میں ان کے بیٹے کے دفتر کے باہر 3 مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

قتل کی اس ہائی پروفائل واردات کے بعد لارنس بشنوئی گینگ نے اس کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ کیس کے اہم ملزم آکاش دیپ گل نے مبینہ طور پر اہم سازشی عناصر سے رابطے کے لیے ایک مزدور کے موبائل ہاٹ اسپاٹ کا استعمال کیا تھا۔

Related posts

خشک سالی کے باعث گراس روٹس کلب رگبی سیزن کا آغاز مؤخر

پاپا رازیوں کی سلمان خان کی بھارتی پرچم کیساتھ تصویر بنانے کی کوشش، دلچسپ صورتحال کا سامنا

رخصتی کے دن گھر سے بھاگ کر شادی کرنے پر لڑکی قتل، ملزم بھائی گرفتار