ایران جنگ کے دوران امریکا کو ایم کیو 9 ریپر ڈرونز کی مد میں ایک ارب 30 کروڑ ڈالر سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے معاملے سے باخبر 3 امریکی عہدیداروں کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایران جنگ کے دوران امریکا کے کم از کم 45 ایم کیو 9 ریپر ڈرونز تباہ یا مار گرائے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ڈرونز کا یہ نقصان امریکا کے ایم کیو 9 ریپر کے جنگ سے قبل موجود ذخیرے کا تقریباً 25 فیصد بنتا ہے۔
امریکی فوج کے پاس اب تقریباً 145 ایم کیو 9 ریپر ڈرونز باقی رہ گئے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایک ایم کیو 9 ریپر ڈرون کی مالیت اس میں نصب سینسرز اور ہتھیاروں کے حساب سے 3 کروڑ سے 5 کروڑ ڈالر تک ہے، جس کے باعث 45 ڈرونز کا مجموعی نقصان ایک ارب 30 کروڑ ڈالر سے زیادہ بنتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران جنگ کے دوران ایم کیو 9 ریپر ڈرونز کو نگرانی اور حملوں کے لیے بڑے پیمانے پر استعمال کیا گیا، جبکہ آبنائے ہرمز کے اطراف بھی ان کی سرگرمیاں جاری رہیں۔