بھارتی نژاد نوجوان ماں و بھائی کو قتل کرنے سے قبل انٹرنیٹ پر کیا ڈھونڈتا رہا؟

—فوٹوز بشکریہ بھارتی میڈیا 

امریکی ریاست میساچوسٹس میں بھارتی نژاد 17 سالہ نوجوان ارجن اروِند پر اپنی 45 سالہ والدہ سدھا وینکٹیشن اور 14 سالہ بھائی سدھارتھ اروِند کو قتل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ منگل کے روز ایک گھر میں پیش آیا، نوجوان پر قتل کے 2 الزامات سمیت اہل خانہ پر حملہ، گاڑی غیرمجاز طور پر استعمال کرنے اور گاڑی چوری کرنے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔

واقعے کا علم اس وقت ہوا جب شام ساڑھے 6 بجے کے بعد ایک ٹیچر (ٹیوٹر) طے شدہ وقت پر گھر پہنچی لیکن دروازہ نہ کھلنے پر اس نے نوجوان کے والد سے رابطہ کیا، والد نے پولیس سے اہل خانہ کی خیریت معلوم کرنے کی درخواست کی۔

پولیس گھر پہنچی تو سدھا وینکٹیشن کی لاش تہہ خانے جبکہ سدھارتھ کی لاش پہلی منزل سے ملی، دونوں کے جسموں پر واضح تشدد کے نشانات تھے تاہم موت کی حتمی وجہ اور قتل میں استعمال ہونے والا ہتھیار تاحال معلوم نہیں ہو سکا۔

میساچوسٹس کی پولیس کے مطابق ارجن اپنی والدہ کی گاڑی لے کر گھر سے فرار ہو گیا تھا، بدھ کی صبح ریاست میساچوسٹس کے شہر وے لینڈ میں پولیس نے ایک پارکنگ میں گاڑی کو دیکھ کر اسے گرفتار کر لیا، گرفتاری کے وقت اس نے مزاحمت نہیں کی۔

تفتیش کے دوران سامنے آیا ہے کہ ارجن حالیہ عرصے میں انٹرنیٹ اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے اپنے خاندان کو قتل کرنے سے متعلق طریقے تلاش کر رہا تھا۔ 

حکام کے مطابق اس نے مصنوعی ذہانت سے قتل کے موضوع پر افسانوی کہانیاں اور کردار تخلیق کرنے میں بھی مدد مانگی تھی۔

رپورٹس کے مطابق ارجن ہائی اسکول کا طالب علم ہے جسے جلد ہی ضلعی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

Related posts

جشن آزادی پر ملک بھر میں شاندار آتشبازی، ملی نغموں کی بہار

یہ شہر مکمل پاکستان بھی ہے اور منی پاکستان بھی، خالد مقبول صدیقی

7 ماہ سے سمندر میں موجود یو ایس ایس ابراہم لنکن پر حالات کیسے ہیں؟ امریکی سینیٹر نے جواب طلب کر لیا