افواج پاکستان کی جانب سے قوم کو پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے پُرمسرت موقع پر مبارکباد دی گئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل، نیول چیف اور ایئر چیف نے قوم کو 79ویں آزادی کی مبارکباد دی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مسلح افواج قائداعظم محمد علی جناح اور آزادی کیلیے قربانیاں دینے والوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہیں۔
بانیانِ پاکستان کا وژن، حوصلہ اور عزم آج بھی قوم کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے، بانیانِ پاکستان کے وژن اور اصول قوم کو پاکستان کے نظریات اور اقدار کی پاسداری کیلیے مسلسل متاثر کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے جاری بیان میں کہا کہ مسلح افواج کا شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت ہے، مسلح افواج کی جانب سے غازیوں اور سابق فوجیوں کی خدمات کو سلام ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی خدمات اور ہر پاکستانی کی قومی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں، شہداء، غازیوں، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور قوم کی بے لوث خدمات نے پاکستان کی استقامت مضبوط کی ہے۔