بانی سے ملاقات ہو تو پی ٹی آئی قائمہ کمیٹیوں میں واپس آ سکتی ہے، راجہ ناصر عباس

علامہ راجہ ناصر عباس(فائل فوٹو)۔

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو تو پی ٹی آئی قائمہ کمیٹیوں میں واپس آ سکتی ہے۔ اگر حکومت چاہتی ہے پارلیمنٹ رہے تو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ناصر عباس نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق جان بوجھ کر ابہام پیدا کیا جاتا ہے، اس کا مقصد پارٹی میں اختلافات پیدا کرنا بھی ہے۔ 

ان کہنا تھا کہ 26ویں ترمیم سے قبل بانی پی ٹی آئی سے عدالتی حکم پر ملاقات ہوئی تھی۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں عوام کی نمائندہ حکومت ہو۔ محسن نقوی کی سسٹم کولیپس کرنے کی بات کی تائید کرتا ہوں۔ محسن نقوی نے جس مرض کی نشاندہی کی وہ درست ہے، تجویز کی گئی دوا غیر قانونی ہے۔

اپوزیشن لیڈر سینیٹ کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کیوں ناکام ہوئے۔ مذاکرات کیلئے بانی پی ٹی آئی کے پاس اڈیالہ میں پورا پلان لے کر گئے تھے، بانی کے پاس جانے سے قبل کے پی ہاؤس میں ہمارا اجلاس ہوا تھا۔ 

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہم کچھ تجاویز لے کر بانی کے پاس گئے، ہم وزیراعظم ہاؤس جا کر ان کی پوزیشن کو قانونی جواز نہیں فراہم کرنا چاہتے۔

اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ اسپیکر آفس میں بھی مذاکرات نہ کرنے کی یہی وجہ ہے، ہم ان کو قانونی نہیں مانتے۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ میں بانی پی ٹی آئی اور پارٹی میں فرق سمجھتا ہوں۔ آخری دم تک بانی کو نہیں چھوڑوں گا۔

انہوں نے کہا کہ بانی سے ملاقات ہو تو پی ٹی آئی قائمہ کمیٹیوں میں واپس آ سکتی ہے۔ حکومت مذاکرات میں سنجیدہ ہے تو بات کرے، پارلیمنٹ ہاؤس کے کانسٹیٹیوشن روم میں مذاکرات کریں تو ہم تیار ہیں۔

Related posts

بھارتی زرعی برآمدات پر دنیا کے اعتراضات بڑھ گئے

بھارتی اداکارہ کا فون کی لت کے باعث گردن کا آپریشن کروانے کا انکشاف

اسرائیلی قابضین کا مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے گھروں کا محاصرہ، پانی بجلی منقطع