لاہور کے تھانہ غازی آباد میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) کے مبینہ ذہنی معذور لڑکی سے مبینہ زیادتی کیس میں ملزم کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا، ایف آئی آر میں اغوا کی دفعات کا اضافہ بھی کردیا گیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) انویسٹی گیشن محمد نوید کا کہنا ہے کہ ملزم کےخلاف زیادتی کی ایف آئی آر میں اغوا کی دفعات کا اضافہ کیا گیا ہے، متاثرہ لڑکی کو تھانے لانے کیلئے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی گئی۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ابتدائی طبی ملاحظے میں لڑکی سے زیادتی کے شواہد نہیں ملے تھے، لڑکی گداگر ہے، پہلے بھی ایک بار تھانے لائی گئی تھی، مبینہ زیادتی کا واقعہ 2 اگست کو پیش آیا، 3 اگست کو ایف آئی آر درج ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی این اے رپورٹ آنے پر ہی زیادتی کا تعین ہوگا، متاثرہ لڑکی کی ذہنی حالت جانچنے کے لیے میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دیا گیا ہے، لڑکی ذہنی معذور ہے یا نہیں، میڈیکل بورڈ 18 اگست کو فیصلہ کرے گا۔