شاہ رخ خان کی فلم نے کس طرح راکیش روشن کا کیریئر متاثر کیا؟ ریتک روشن نے بتادیا

—فائل فوٹوز

بالی ووڈ اداکار ریتک روشن نے ماضی کی ایک جذباتی یاد تازہ کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ شاہ رخ خان کی فلم کوئلہ کی ناکامی کے بعد ان کے والد اور فلمساز راکیش روشن کو شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

52 سالہ ریتک روشن نے اپنے والد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایک وقت ایسا آیا جب راکیش روشن نے اپنی جمع پونجی اور فلموں سے کمائی گئی رقم کا بڑا حصہ کھو دیا تھا، جس کے باعث گھر میں بھی مشکلات پیدا ہوگئی تھیں۔

میڈیا سے خصوصی گفتگو میں ریتک روشن نے کہا کہ مجھے آج بھی وہ صبح یاد ہے جب میں نے اپنے والد کو پہلی مرتبہ آنکھوں میں آنسو لیے دیکھا۔ 

اداکار کے مطابق راکیش روشن نے مجھے بتایا تھا کہ انہوں نے اپنی کمائی ہوئی تمام رقم کھو دی ہے۔

ریتک روشن نے بتایا کہ یہ منظر میرے لیے انتہائی جذباتی تھا کیونکہ میں پہلی مرتبہ اپنے والد کو اس طرح ٹوٹا ہوا دیکھ رہا تھا۔

فلمساز راکیش روشن کی پروڈکشن کمپنی فلم کرافٹ پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والی فلم کوئلہ میں شاہ رخ خان، مادھوری ڈکشٹ، امریش پوری، دیپشیکھا ناگپال، اشوک صراف اور جانی لیور سمیت دیگر فنکاروں نے اداکاری کی تھی۔

1997ء میں ریلیز ہونے والی ایکشن تھرلر فلم میں شاہ رخ خان نے شنکر نامی ایک گونگے اور وفادار کان کن کا کردار ادا کیا تھا، جو کوئلے کی کان میں مزدوری کرتا ہے۔

فلم کا بجٹ تقریباً 12 کروڑ بھارتی روپے تھا جبکہ اس نے دنیا بھر میں تقریباً 28 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا، تاہم اسے تجارتی اعتبار سے خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔

دوسری جانب ریتک روشن اور ان کے والد راکیش روشن اس وقت سپر ہیرو فلم کرش 4 کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ 

Related posts

الیکشن کمیشن کی جانب سے عوام پاکستان پارٹی کو بلاجواز ڈی لسٹ کیا گیا، شاہد خاقان عباسی

کاکروچ جنتا پارٹی کا پورے بھارت میں جنتر منتر کی طرز پر احتجاج دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

راشن کا جھانسہ دے کر بچی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزمان کو دو بار عمر قید کی سزا