برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی پاکستان کا 79 واں یومِ آزادی بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ جمعہ 14 اگست کو منائے گی۔
اس سلسلے میں تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں، یوم آزادی پر بازاروں میں خصوصی رونقیں سج گئی ہیں۔
یوم آزادی کے موقع پر سب سے بڑی تقریب قونصل جنرل آف پاکستان، مانچسٹر کی جانب سے 14 اگست کو صبح 10 بجے قونصل خانے کی عمارت میں ہوگی۔
قونصل جنرل پاکستان مانچسٹر امتياز فیروز گوندل تقریب کی میزبانی کریں گے۔
پروگرام کا آغاز پرچم کشائی اور قومی ترانے سے ہوگا، جبکہ اس موقع پر کیک بھی کاٹا جائے گا۔
تقریب میں صدر اور وزیر اعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات ہیش کیے جائیں گے جبکہ کمیونٹی رہنما پاکستان کے یوم آزادی کی اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
اس تقریب میں خواتین اور بچوں کو خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
دوسری جانب معروف سینئر اکاؤنٹنٹ چوہدری محمد راسب خان بھی جمعہ 14 اگست کو سہ پہر 3 بجے اسٹاک پورٹ روڈ مانچسٹر میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے سلسلے میں تقریب کا اہتمام کریں گے۔
چوہدری محمد راسب خان کے مطابق تقریب میں قومی ترانہ، پاکستان کے یومِ آزادی کی مناسبت سے تقاریر اور غبارے فضا میں چھوڑیں جائیں گے جبکہ شرکاء کے لیے ریفریشمنٹ کا انتظام ہوگا۔
علاوہ ازیں یوم آزادی پر بازاروں میں خصوصی رونقیں سج گئی ہیں، ملبوسات سمیت مختلف اشیاء کی رعایتی قیمتوں پر فروخت جاری ہے۔