وزیرِ مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ مال روڈ پر پیش آنے والا واقعہ اشارہ ہے کہ 27 ستمبر کو بھی ایسا ہی کھیل کھیلا جائے گا، اگر ایسا حملہ ہوگا تو حملہ آور کے ہاتھ کاٹے جائیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے مال روڈ پر گزشتہ روز ایک افسوسناک واقعہ پپیش آیا، پی ٹی آئی کی قیادت یہ کہہ کر بری الذمہ نہیں ہوسکتی کہ ورکر سے کوئی تعلق نہیں، پی ٹی آئی کو کہا گیا تھا کہ نفرت، انتشار اور تشدد کی سیاست نہ کریں، نوجوانوں کے ذہنوں میں نفرت اور انتشار نہ بھریں۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر دماغی توازن ٹھیک نہیں تھا تو اس نے اپنے گھر والوں پر حملہ کیوں نہیں کیا، اس شخص نے پارٹی کا جھنڈا اپنے ساتھ رکھا ہوا تھا، اگر وہ پاگل تھا تو آپ پر حملہ آور ہوتا پارٹی کے لوگوں پر حملہ آور ہوتا، اس نے بغیر کسی ڈر کے سیدھے فائر کیے، سیکیورٹی فورس کا جوان زخمی ہوا، جس سپاہی پر حملہ کیا گیا، کیا وہ کسی سیاسی جماعت سے تھا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ نفرت اور انتشار کی وجہ سے 9 مئی کا سانحہ ہوا اور اسی وجہ سے کل کا واقعہ ہوا، یہ ہی وہ تربیت ہے جس کی وجہ سے گزشتہ روز کا واقعہ ہوا، اس تربیت میں وہ اوپینین میکرز بھی ذمے دار ہیں جو باہر بیٹھے ہیں، ان کا مقصد صرف ویوز لینا اور پیسے کمانا ہے۔
وزیرِ مملکت داخلہ کا کہنا ہے کہ توڑ پھوڑ، آگ لگا دو کیا یہ سیاست ہے، ایک صوبے میں 17 سال سے آپ کی حکومت نے وہاں کے عوام کو کیا دیا، 27 ستمبر کو بھی ایسا ہی کھیل کھیلا جائے گا، جب کارکنوں کے ذہنوں میں نفرت اور آگ بھری جائے گی تو وہ ایسا ہی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیانات ہوں یا تقریریں، ذہن میں نفرت اور انتشار بھرتے رہے، سپاہی تو سپاہی، جو شہید ہوئے آپ نے ان کے مجسمے بھی نہ چھوڑے، آپ کی سوشل میڈیا پوسٹیں ہمارے شہدا کی تضحیک کرتی ہیں۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ اسمبلیاں توڑنا، استعفے دینا، 9 مئی، 26 نومبر، پی ٹی آئی مائنس ہوتی جارہی ہے، راول پنڈی واقعے کی تحقیقات آگے بڑھی ہے، فیئر اینڈ فری انویسٹی گیشن ہو رہی ہے جس کے نتائج سامنے آئیں گے، پاکستان کو سیاسی عدم استحکام کا شکار نہیں کرنے دیں گے، اگر ایسا حملہ ہوگا تو حملہ آور کے ہاتھ کاٹے جائیں گے۔