میں نے راکی سے کہا تھا کسی اور سے شادی کرلو: حنا خان کا انکشاف

—فائل فوٹوز

بھارتی اداکارہ حنا خان نے اپنی ازدواجی زندگی کے مشکل ترین دور کو یاد کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ کینسر کے علاج کے دوران انہوں نے اپنے شوہر راکی جیسوال سے کہا تھا کہ وہ کسی اور سے شادی کرلیں۔

حنا خان نے اپنے پوڈکاسٹ میں راکی جیسوال کے ساتھ اپنے تعلق اور اس مشکل وقت کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔

 38 سالہ اداکارہ نے بتایا کہ ہمارے رشتے میں آنے والی مشکلات کسی عدم مطابقت یا معمول کی لڑائی جھگڑوں کی وجہ سے نہیں تھیں بلکہ حقیقی زندگی کے ایسے بحران تھے جنہوں نے دونوں کے درمیان محبت کا امتحان لیا۔

حنا خان نے بتایا کہ صحت کے حوالے سے، خصوصاً میری اپنی اور راکی کی والدہ کی بیماری کے دوران ایسے کئی مواقع آئے جب میں نے راکی سے کہا کہ وہ کسی اور سے شادی کرلیں کیونکہ شاید حالات پہلے جیسے نہ رہیں۔

اداکارہ کے مطابق میں نے راکی سے کہا تھا کہ اگر وہ کسی اور کو منتخب کرتے ہیں تو میں ان کے فیصلے پر خوش ہوں گی، کیونکہ میں راکی سے اتنی محبت کرتی ہوں کہ میری خوشی ان کے ساتھ رہنے سے زیادہ اہم ہے۔

حنا نے کہا کہ یہی وہ مرحلہ تھا جہاں محبت کا اصل امتحان ہوا، تاہم میں راکی کو آزمانے کی کوشش نہیں کررہی تھی، راکی نے اس مشکل وقت میں میرا ساتھ نہ چھوڑا۔

اداکارہ نے بتایا کہ اس دوران مجھے کئی مشکل فیصلے کرنے پڑے، جو دونوں نے مل کر کیے، جو لوگ اس وقت میرے آس پاس تھے، وہ جانتے ہیں کہ میں اس مشکل دور سے راکی کے تعاون کے بغیر شاید نہ گزر پاتی۔

حنا نے راکی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس مشکل سفر کو اس طرح آسان بنا کر پیش کیا جیسے سب کچھ بہت معمولی ہو۔

حنا خان نے اپنی اور راکی جیسوال کی شادی کو پبلسٹی اسٹنٹ قرار دینے والی قیاس آرائیوں پر بھی ردعمل دیا، کچھ لوگوں نے دعویٰ کیا تھا کہ دونوں نے رئیلٹی شو پتی، پَتنی اور پَنگا کے باعث تشہیر کے لیے شادی کی۔

حنا نے کہا کہ مجھے اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ لوگ کیا کہتے ہیں، کیونکہ ہم دونوں حقیقت جانتے ہیں، اگر ہر چیز کو پبلسٹی کے نقطۂ نظر سے دیکھا جائے تو اصل حقیقت کہیں پیچھے رہ جاتی ہے۔

حنا خان نے بتایا کہ میں اور راکی تقریباً 13 سے 14 سال سے ایک دوسرے کے ساتھ تھے اور حقیقت یہ ہے کہ ہم شاید اب بھی شادی نہ کرتے۔

اداکارہ کے مطابق ہماری شادی کا فیصلہ کئی ماہ پہلے ہی کیا جاچکا تھا اور اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کے لیے بھی کافی پہلے منصوبہ بندی کرنا ضروری تھی۔

حنا خان اور راکی جیسوال کی پہلی ملاقات ڈرامہ یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے کے سیٹ پر ہوئی، جہاں حنا نے اکشرا کا کردار ادا کیا جبکہ راکی سپروائزنگ پروڈیوسر کے طور پر کام کررہے تھے، وقت کے ساتھ دونوں کی دوستی محبت میں بدل گئی اور 13 سال سے زائد عرصے تک تعلق میں رہنے کے بعد دونوں نے گزشتہ برس شادی کرلی۔

Related posts

ہنی سنگھ کا بادشاہ کی وائرل ویڈیو پر طنز

سارک ممالک میں بچوں میں کینسر کے کیسز، بھارت کا فہرست میں پہلا نمبر

3 ایڈیشنل ججز کی تقریب حلف برداری