میلان ایئر پورٹ پر گاڑی طیارے سے ٹکرا گئی

—تصاویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

اٹلی کے شہر میلان کے لیناتے ایئر پورٹ پر ایک فیاٹ پانڈا گاڑی نجی طیارے سے ٹکرا گئی، جس کے باعث ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن متاثر رہا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ پیر کی صبح 11 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا، جب فیاٹ پانڈا گاڑی بے قابو ہو کر ہاکر بیچ کرافٹ 400 اے نجی طیارے کے اگلے حصے سے جا ٹکرائی۔

تصادم کے نتیجے میں نجی طیارے کے ریڈار ڈوم اور ناک والے حصے کو نقصان پہنچا۔

حادثے کے بعد امدادی اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے طیارے کے ساتھ ساتھ گاڑی کا بھی معائنہ کیا، حادثے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

حادثے کے باعث لیناتے ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن 30 منٹ کے لیے روک دیا گیا۔

ایئر پورٹ پر بیک وقت متعدد پروازوں کی آمد و روانگی کے باعث زیادہ تر پروازوں کو متبادل ایئر پورٹس کی جانب موڑنا پڑا۔

تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ گراؤنڈ سروس میں استعمال ہونے والی گاڑی کا ڈرائیور طیارے سے ٹکرانے سے قبل گاڑی پر قابو کیوں نہ رکھ سکا۔

ابتدائی طور پر ڈرائیور کی ممکنہ توجہ بھٹکنے یا طبی مسئلے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم حکام کی جانب سے ان میں سے کسی وجہ کی تصدیق نہیں کی گئی۔

Related posts

جیلوں سے مجرموں کی جلد رہائی اسکیم ہزاروں افراد کیلئے خطرے کی گھنٹی بننے کا خدشہ

امریکا، ایران سمجھوتے کے قریب ہیں، خواجہ آصف کا انکشاف

لندن اتھارٹیز کو 100 سال پرانی قبروں کے دوبارہ استعمال کا مشورہ