شر پسند لوگ بات کو غلط انداز میں پیش کرتے ہیں: بشریٰ انصاری

بشریٰ انصاری—فائل فوٹو

پاکستانی معروف سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے قریبی دوستوں کے بچوں کی طلاق سے متعلق بیان کو بہروز سبزواری کے بیٹے اداکار شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف سے جوڑنے پر سوشل میڈیا پیجز کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

بشریٰ انصاری اداکاری کے علاوہ اپنے روزمرہ وی لاگز کے باعث بھی مقبول ہیں، جن میں وہ اپنی زندگی اور سفر کی جھلکیاں شیئر کرتی ہیں۔

چند روز قبل بشریٰ انصاری نے اپنے قریبی دوستوں کے اکلوتے بیٹے کی شادی ختم ہونے سے متعلق بیان دیا تھا اور بتایا تھا کہ بہو اپنے سسرال کے ساتھ رہنا نہیں چاہتی تھی، جس کے باعث جوڑے میں علیحدگی ہو گئی، تاہم کئی سوشل میڈیا پیجز نے اس واقعے کو سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری سے جوڑ دیا۔

بشریٰ انصاری نے اب اپنے تازہ وی لاگ میں اس معاملے پر وضاحت پیش کی ہے۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ چند روز قبل میں اپنی پیاری مایا کے ساتھ ایک پوڈکاسٹ میں انٹرویو دے رہی تھی، میں نے اپنے دوستوں کا ایک واقعہ سنایا تھا، جن کا بیٹا اپنے والدین کو چھوڑنے پر آمادہ نہیں تھا کیونکہ اس کی اہلیہ الگ رہنا چاہتی تھی لیکن کسی نے اس کہانی کو توڑ مروڑ کر سائرہ اور شہروز سے جوڑ دیا۔

انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یہاں تک کہ انہوں نے سائرہ اور شہروز کی تصاویر بھی پوسٹ کر دیں، ہمارے ہاں ایسے سوشل میڈیا براڈ کاسٹرز موجود ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ میں نے کب کہا تھا کہ وہ اداکار ہیں؟ میں جن کی بات کر رہی تھی وہ تو بینکرز ہیں، میرے بہت سے ایسے دوست ہیں جن کا صرف ایک بیٹا ہے، لوگ اتنے منفی اور شرپسندانہ رویے کے حامل ہیں کہ پوری بات کو غلط انداز میں پیش کرتے ہیں۔

بشریٰ انصاری نے سائرہ یوسف کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ سائرہ ایک بہت باوقار لڑکی ہے، وہ اب بھی بہروز کے گھر آتی ہے، وہ لوگ اسے بہت چاہتے ہیں اور وہ زہرا، شہروز کی چھوٹی بیٹی، سے بھی بہت محبت کرتی ہے، وہ اتنے کم فہم لوگ نہیں ہیں۔

سینئر اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ اور میں اپنے اتنے قریبی لوگوں سائرہ اور شہروز کا نام کیوں لوں گی؟ مجھے نہیں معلوم کہ ایسے شرپسند لوگوں کا کیا بنے گا۔

Related posts

’گَل سُن‘ کے گلوکار ثبات باطن نے نکاح کر لیا

میر رضا کیس، سابق تفتیشی افسر نے عدالت سے رپورٹ جمع کرانے کیلئے مہلت مانگ لی

یمنی حوثیوں کا باب المندب میں کارگو جہاز پر حملہ، عملے کے 3 ارکان ہلاک