میں نے سلمان خان کو ورزش کرنے کا مشورہ دیا: گووندا

—فائل فوٹوز

بالی ووڈ اداکار گووندا نے انکشاف کیا ہے کہ سلمان خان اپنی زندگی کے ایک مشکل دور میں اعتماد کھو بیٹھے تھے جس پر میں نے انہیں خود پر توجہ دینے اور اپنی شخصیت بدلنے کا مشورہ دیا تھا۔

گووندا کے مطابق فلم ’پارٹنر‘ کی شوٹنگ کے دوران سلمان خان ذہنی اذیت اور پریشانی کا شکار تھے، میں نے سلمان سے کہا تھا کہ چاہے مسئلہ محبت، امید یا توقعات کا ہو، دوسروں کو دیکھنے کے بجائے اب خود اپنے اندر جھانکیں اور خود پر توجہ دیں۔

گووندا نے بتایا کہ اس وقت میرا اپنا وزن 114 کلو گرام تھا اور میں سیاست سے نکل کر دوبارہ شوبز میں آیا تھا، میں نے سلمان سے کہا، آپ ہیرو ہیں لیکن اس وقت ہیرو نظر نہیں آتے، آپ اداس اور پریشان دکھائی دیتے ہیں، اس کیفیت سے باہر نکلیں۔

گووندا کے مطابق سلمان نے ان سے پوچھا کہ مجھے کیا کرنا چاہیے؟ جس پر میں نے انہیں روزانہ 2 سے 3 گھنٹے ورزش کرنے کا مشورہ دیا۔ 

گووندا نے بتایا کہ میں نے سلمان خان کو اداکار دھرمیندر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ سلمان آپ دھرمیندر کے بعد ایسے اداکار ہیں جنہیں قدرت نے اچھے خاندان، خوبصورت چہرے اور متاثر کُن شخصیت جیسی خصوصیات سے نوازا ہے، جو کسی شخص کو حقیقی ہیرو بناتی ہیں۔

گووندا کا کہنا ہے کہ سلمان نے میرے مشورے کو سنجیدگی سے لیا اور اپنی شخصیت اور صحت پر کام کیا۔

انہوں نے کہا کہ سلمان خان میں بڑا ستارہ بننے کی صلاحیت اور شخصیت پہلے ہی موجود تھی اور مجھے یقین تھا کہ سلمان خان طویل عرصے تک کامیابی کی بلندیوں پر رہیں گے۔

واضح رہے کہ سلمان خان اور گووندا نے 2007ء کی کامیاب فلم ’پارٹنر‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔ 

ڈیوڈ دھوون کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں لارا دتہ اور کترینہ کیف نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔

Related posts

مکہ دفاعی معاہدے پر اسرائیل پریشان، خطرناک پیشرفت کہہ دیا

پاکستان کا امریکا کے ساتھ تجارتی سرپلس 2 ارب 59 کروڑ ڈالر

وزیر خزانہ کی زیر صدارت اجلاس، وزیراعظم کے ایکسیس ٹو فنانس پلان پر عملدرآمد کا جائزہ