پاکستان کے معروف گلوکار اور موسیقار ساحر علی بگا نے آئی ایس پی آر کے گیت ’پاکستان زندہ باد‘ کو گانے کی وجہ بتا دی۔
ساحر علی بگا حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے گیت کی تیاری اور اسے خود گانے سے متعلق گفتگو کی۔
ساحر علی بگا نے بتایا کہ ’پاکستان زندہ باد‘ ایک مشکل گیت تھا، جسے میں نے بہت اونچے سروں میں گایا، جب میں نے گیت کی دھن اور کمپوزیشن تیار کی تو اسے پاکستان کے دو بڑے گلوکاروں کے لیے بنایا تھا، تاہم دونوں نے یہ سن کر کہ اس کی دھن اور کمپوزیشن میں نے بنائی گانے سے انکار کر دیا۔
گلوکار نے کہا کہ دونوں معروف شخصیات کو ایک ہی گیت گانا تھا، لیکن انہوں نے گانا سننے تک سے انکار کر دیا، ان میں سے ایک گلوکار نے کہا کہ اگر یہ گانا ساحر نے بنایا ہے تو میں اسے نہیں گاؤں گا۔
ساحر علی بگا نے بتایا کہ میں نے اس پر کہا ’ٹھیک ہے‘ کیونکہ مجھے اپنی تیار کردہ کمپوزیشن پر اعتماد تھا، گیت آئی ایس پی آر سے بھی منظور شدہ تھا، اس لیے بالآخر مجھے خود ہی اسے اونچے سروں میں گانا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ میں خود ہائی نوٹ گلوکار نہیں ہوں اور اونچے سروں میں گانے کے لیے بھرپور مشق کی ضرورت ہوتی ہے، اسی لیے میں نے ’پاکستان زندہ باد‘ کے لیے بہت زیادہ پریکٹس کی۔
واضح رہے کہ ’پاکستان زندہ باد‘ آئی ایس پی آر کا مقبول گیت ہے جو 23 مارچ کو ریلیز ہوا تھا اور اسے ریلیز ہوئے تقریباً 7 سال ہو چکے ہیں، گیت نے بے حد مقبولیت حاصل کی اور یوٹیوب پر اسے 249 ملین سے زائد مرتبہ دیکھا و سنا جا چکا ہے۔