میر رضا کیس میں تفتیش کیلئے بنائی گئی تحقیقاتی ٹیم کو ہٹادیا گیا

کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے میر رضا کی لاش ملنے کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، والدین کے عدم اعتماد کے بعد میر رضا کیس کی تفتیش کیلئے بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کو ہٹا دیا گیا۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو کا کہنا ہے کہ میر رضا کیس کی تحقیقات کیلئے نئی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، 4 رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔

آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ   ڈی آئی جی کرائم برانچ عامر فاروقی ٹیم کے سربراہ ہوں گے، کمیٹی میں ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر، ایس پی انویسٹی گیشن کورنگی قیس خان شامل ہیں، ایس پی انویسٹی گیشن سینٹرل انعم بھی ٹیم میں شامل ہیں۔

جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ پرانی ٹیم کو ابتدائی میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد تفتیش سے ہٹایا گیا، اس کیس کی شفاف تحقیقات کروائی جائےگی، نئی ٹیم کا نوٹیفکیشن کچھ دیر میں جاری کردیا جائےگا۔

اس سے قبل پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ، ایس ایس پی ایس آئی یو سمیع اللّٰہ سومرو اور دیگر کو میر رضا کیس کی تفتیش سے ہٹا دیا گیا، نئی تحقیقاتی ٹیم کا نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔

میر رضا کے والدین نے تحقیقاتی ٹیم پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔

نوجوان تاجر میر رضا کی قبر کشائی کے بعد حاصل کیے گئے نمونوں کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق میر رضا کو گولی پیچھے سے لگی تھی، جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے، دائیں ران اور جبڑے پر فریکچر کے شواہد ملے ہیں، جسم کے نچلے حصے کے ٹشوز پر بھی خون کے دھبے تھے۔

اس سے قبل میر رضا کے دوسرے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ آنے کے بعد میر رضا کے والد کے وکیل جبران ناصر کا کہنا تھا کہ ثابت ہوگیا کہ میر رضا کو سینے پر نہیں بلکہ کمر کی طرف سے گولی لگی، پھیپڑوں میں خون بھر چکا تھا۔

وکیل جبران ناصر کا کہنا تھا کہ قبر کشائی کے بعد سامنے آنے والے تمام حقائق بتا رہے ہیں کہ میر رضا نے خود کشی نہیں کی بلکہ اس کا درد ناک قتل ہوا ہے۔

جبران ناصر نے میر رضا کیس کی پوری تحقیقاتی ٹیم تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ سوچ سمجھ کر نئی ٹیم تشکیل دی جائے، دوسری کسی بھی صورت میں اہلخانہ عدالت سے رجوع کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران جبران ناصر نے پولیس حکام کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے  کہا کہ واقعے کی تفتیش کے بجائے پولیس افسران نے میر رضا کے والدین پر دباؤ ڈالا ، کہا تمہارے بیٹے نے خود کشی کی ہے، چپ چاپ گھر بیٹھ کر سوگ مناؤ اور کفارہ ادا کرو۔

جبران ناصر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ گلستان جوہر میں جس مقام سے میر رضا کی لاش ملی وہاں سے پہلے بھی دو لاشیں مل چکی ہیں۔

Related posts

میر رضا کی نئی میڈیکل رپورٹ سامنے آنے کے بعد کئی سوال اٹھ گئے

مکہ مکرمہ، شہزادہ بندر بن منصور بن عبداللّٰہ بن جلاوی کی والدہ انتقال کرگئیں

صدر آصف زرداری سے وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات، سیاسی و قومی امور پر گفتگو