بھارتی ٹیلی ویژن اداکارہ شلپا شندے نے کہا ہے کہ انہیں لاک اپ میں سلمان خان کی بطور میزبان موجودگی کی کمی شدت سے محسوس ہوئی۔
شلپا اور شوانگی جوشی کے درمیان لاک اپ سیزن 2 کے دوران متعدد تنازعات اور تلخ جھگڑے ہوئے۔ شو کے دوران دونوں کئی بار آمنے سامنے آئیں اور ایک دوسرے پر سخت الزامات بھی لگائے۔ جہاں شوانگی کے لیے یہ ریئلٹی شو کا پہلا تجربہ تھا، وہیں شلپا اس فارمیٹ سے پہلے ہی واقف تھیں کیونکہ وہ بگ باس کی فاتح رہ چکی ہیں۔
حال ہی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 49 سالہ شلپا شندے نے کہا کہ انہیں لاک اپ میں سلمان خان کی بطور میزبان موجودگی کی کمی شدت سے محسوس ہوئی، شوانگی جوشی نے شو میں ان کی بے عزتی کی، لیکن نہ صرف میزبانوں نے اس رویے پر کوئی اعتراض کیا بلکہ یہ مناظر بھی ٹیلی کاسٹ نہیں کیے گئے۔
شلپا نے جذباتی گفتگو میں کہا سچ تو یہ ہے کہ بہت سی چیزیں ٹی وی پر دکھائی ہی نہیں گئیں۔ خاص طور پر شوانگی جوشی کی عمر اور کام کے حوالے سے جو باتیں کیں، وہ بہت توہین آمیز تھیں۔ ایسے مواقع پر مجھے سلمان جی یاد آئے کیونکہ وہ ہمیشہ ایسے معاملات پر کھل کر موقف اختیار کرتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ انہیں محسوس ہوا کہ فرح خان نے بطور میزبان ان کے ساتھ کوئی جانبداری نہیں کی، لیکن وہ اس بات سے مایوس ہوئیں کہ شوانگی کے کھیل کی تعریف کی گئی۔
دوسری جانب شلپا کا الزام تھا کہ شوانگی اپنی اصل شخصیت چھپا رہی ہیں اور کھیل میں آگے بڑھنے کے لیے ہرشد چوپڑا کا استعمال کر رہی ہیں۔ دونوں میں تنازع اس وقت مزید شدت اختیار کر گیا جب شلپا نے دعویٰ کیا کہ شوانگی کا اپنے تقریباً تمام ساتھی اداکاروں کے افیئر رہا ہے۔
لاک اپ سیزن 2 کا اختتام 5 اگست کو ہوا، جہاں شریا کلرا نے فائنل میں 28 سالہ شوانگی جوشی کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔