ویب سیریز سے متاثر ہو کر بیوی کو قتل اور 12 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہونیوالا شوہر گرفتار

—فوٹوز بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی شہر دہلی میں 62 سالہ سافٹ ویئر کنسلٹنٹ کمل سنگھ نے ویب سیریز سے متاثر ہو کر اپنی اہلیہ کومل سنگھ کو قتل کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم کمل سنگھ ویب سیریز ’دی اسٹیئر کیس‘ سے متاثر تھا، 30 جولائی کو گھر میں دونوں میاں بیوی اکیلے تھے، مقتولہ کومل سنگھ کپڑے دھو رہی تھی کہ کمل سنگھ نے پیچھے سے تلوار سے حملہ کر دیا تاہم وہ بچ نکلیں اور چیختے ہوئے باورچی خانے کی طرف بھاگیں، ملزم اپنی بیوی کو گھسیٹ کر کمرے میں واپس لایا اور قینچی کے متعدد وار کر کے قتل کر دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی چیخیں آس پاس کے لوگوں نے سنیں مگر کسی نے مداخلت نہیں کی۔

واردات کے بعد ملزم نے خون آلود کپڑے اور تلوار ایک بیگ میں ڈالے، غسل کیا اور اسکوٹر پر فرار ہو گیا، راستے میں اس نے تلوار والا بیگ پھینک دیا۔

بعد ازاں ملزم نے بینک کھاتوں سے تقریباً 7,00,000 روپے نکلوائے جبکہ بیوی کے کمرے سے پہلے ہی 5,00,000 روپے نقد لے چکا تھا، اس کے پاس مجموعی طور پر 12,75,000 روپے موجود تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رات تقریباً 9 بجے جب بیٹا گورَو سنگھ گھر پہنچا تو اس نے اپنی والدہ کو خون میں لت پت پایا، جائے وقوع سے قینچی تو مل گئی تاہم تلوار غائب تھی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج، تکنیکی نگرانی اور الیکٹرانک شواہد کی مدد سے پولیس نے 3 روزہ تعاقب کے بعد ملزم کو ایک ریلوے اسٹیشن کے قریب سے گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے تمام رقم اور اسکوٹر بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے ویب سیریز سے متاثر ہو کر قتل کے بعد تلوار کو غائب کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی تاکہ مقدمے کے شواہد کمزور کیے جا سکیں۔

پولیس کے مطابق ملزم نیپال فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ گزشتہ ایک سال سے میاں بیوی کے تعلقات کشیدہ تھے، دونوں ایک ہی گھر میں رہتے تھے مگر بجلی کے الگ الگ بل ادا کرتے تھے۔

پولیس کے مطابق ماضی میں ممبئی کے کیے گئے سفر کے دوران ملزم کی ایک خاتون سے قربت بھی ازدواجی تنازعات کی وجہ بنی تھی جبکہ جگت پوری میں جائیداد کی خریداری اور اس میں حصہ داری کا تنازع قتل کی بنیادی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

Related posts

آج مکہ مکرمہ کی مقدس سرزمین سے دنیا کو پیغام ملا کہ مسلم دنیا متحد ہے، مریم نواز

شادی کی رات دلہن کو گاڑی سے کچلنے والی خاتون کی پولیس اسٹیشن میں بچوں کی طرح رونے لگی

پہلی ملاقات میں جنید جمشید کے سوال پر مولانا طارق جمیل کا جواب جس نے انکی زندگی بدل دی