تھائی لینڈ کے صوبے نونتھابوری کے ضلع بنگ کروئی میں ایک اسکول میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آوار سمیت 7 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
تھائی پولیس کے مطابق مشتبہ حملہ آور نے ڈیب سیرِن نونتھابوری اسکول میں فائزنگ کے بعد خودکشی کرلی۔
ان کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے اسکول میں فائزنگ سے قبل گھر میں اپنے دادا اور دادی کو بھی قتل کیا۔
حکام نے بتایا ہے کہ ٹیک تُنگ فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کو واقعے کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق جمعے کی صبح 10 بجے موصول ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق تھائی پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 15 افراد زخمی ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور اسکول کا آٹھویں جماعت کا طالب علم تھا، جو خودکشی سے قبل اسکول کی عمارت کی تیسری منزل پر چھپا ہوا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی پولیس، طبی عملہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
رواں سال فروری میں بھی جنوبی تھائی لینڈ کے ہاٹ یائی ضلع میں ایک مسلح شخص کی اسکول پر فائرنگ کے نتیجے میں 1 استاد ہلاک جبکہ 1 طالب علم زخمی ہوا تھا۔