کبھی بھی شادی نہیں کروں گی، امیشا پٹیل

بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ امیشا پٹیل۔فوٹو: فائل

بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ امیشا پٹیل نے کہا ہے کہ وہ کبھی بھی شادی نہیں کریں گی۔ اکیلی رہ کر بے حد خوش ہوں

ممبئی سے تعلق رکھنے والی 51 سالہ اداکارہ نے حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے آسک اے ایم آئی نمبر پر سیشن کے دوران واضح کیا کہ ان کا شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

ایک مداح کے سوال کے جواب میں امیشا نے مختصر مگر دوٹوک انداز میں لکھا: کبھی نہیں کروں گی، اکیلی رہ کر بے حد خوش ہوں۔ میرے تقریباً 100 قریبی رشتہ دار اور دوست ہیں جو مجھ سے محبت کرتے ہیں۔ میں یہ خطرہ مول نہیں لے سکتی کہ ایک شخص آ کر میری اس خوشحال زندگی کو بدل دے۔

اگرچہ اب امیشا شادی نہ کرنے کا فیصلہ کر چکی ہیں، لیکن ماضی میں وہ اپنی محبت اور کیریئر کے درمیان کیے گئے مشکل فیصلوں کے بارے میں بھی بات کر چکی ہیں۔ 

رنویر الہٰ آبادیہ کے یوٹیوب پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے امیشا نے انکشاف کیا کہ فلمی دنیا میں آنے سے پہلے وہ ایک سنجیدہ رشتے میں تھیں، مگر ان کے ساتھی کو ان کا فلم انڈسٹری میں جانا قبول نہیں تھا۔ 

میں نے اپنے کیریئر کے لیے بہت کچھ کھویا اور محبت کے لیے بھی بہت کچھ قربان کیا ہے۔ دونوں کے لیے ایک دوسرے کو چھوڑا اور ان تجربات سے بہت کچھ سیکھا۔ میری ایک سنجیدہ محبت تھی، جو فلموں میں آنے سے پہلے کی بات ہے۔ وہ جنوبی ممبئی کے ایک بہت بڑے صنعتی خاندان سے تعلق رکھتے تھے، بالکل میرے خاندان کی طرح۔ ہمارا پس منظر، تعلیم اور خاندانی ماحول ایک جیسا تھا۔لیکن اُن کو میرا فلموں کام کرنا پسند نہیں تھا، اسی لیے میں نے محبت کے بجائے اپنے کیریئر کا انتخاب کیا۔

تاہم امیشا نے یہ بھی واضح کیا کہ انہوں نے شادی کے امکان کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا۔ اگر مجھے کوئی واقعی قابل اعتماد اور مناسب شخص مل جائے تو میں شادی کے لیے تیار ہوں۔ کہتے ہیں جہاں چاہ ہو وہاں راہ نکل آتی ہے، اس لیے جو شخص ہر صورتحال میں مجھے قبول کرے گا، وہی میرا ساتھی ہوگا۔ آج بھی مجھے اچھے اور بااثر خاندانوں سے رشتوں کی پیشکش آتی رہتی ہے۔ 

مجھ سے آدھی عمر کے لوگ بھی مجھے ڈیٹ پر لے جانا چاہتے ہیں اور میں اس کے لیے بھی کھلے ذہن کی حامل ہوں، کیونکہ میرے نزدیک اصل اہمیت ذہنی پختگی کی ہے۔ میں نے اپنی عمر سے بڑے بہت سے ایسے لوگوں کو بھی دیکھا ہے جن کی ذہانت نہایت محدود تھی۔ 

یاد رہے کہ امیشا پٹیل کا نام ماضی میں کئی افراد کے ساتھ جوڑا گیا، تاہم ان کا سب سے معروف تعلق 2000 کی دہائی کے اوائل میں فلم ساز وکرم بھٹ کے ساتھ رہا تھا۔ 

Related posts

سعودی عرب کے مختلف شہروں میں موسم کیسا ہے؟

پیٹرول اور ڈیزل سستا کردیا گیا

قرض وصولی کیلئے بینک کی کارروائی، راجپال یادیو کو نئی مالی مشکلات کا سامنا