سفارتخانہ پاکستان میں یومِ استحصالِ کشمیر کی تقریب، غیر قانونی بھارتی اقدامات کی شدید مذمت

ویانا: یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر سفارتخانہ پاکستان ویانا میں ایک خصوصی تقریب سفیرِ پاکستان کامران اختر ملک کی سربراہی میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور مقررین نے شرکت کی اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور کشمیری عوام پر جاری مظالم کی شدید مذمت کی۔

تقریب کا آغاز منظور بٹ کی تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جبکہ تھرڈ سیکریٹری سیدہ مبشرہ عروج نے اسٹیج سیکریٹری کے فرائض انجام دیے۔ 

تقریب کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

فرسٹ سیکریٹری جواد سلمان نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر قوم کے نام پیغامات پڑھ کر سنائے۔

سفیرِ پاکستان کامران اختر ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔ 

سفیر پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سلب کرنے کی شدید مذمت کی۔

تقریب سے ڈاکٹر عزت عواد، پروفیسر میڈیکل یونیورسٹی ویانا، عارف سین، ایڈوائزر یورپین یوتھ ایسوسی ایشن، اور پروفیسر ملک شوکت مسرت اعوان نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

تقریب کے اختتام پر سفیرِ پاکستان کامران اختر ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تقریب میں شرکت کرنے پر بین الاقوامی برادری کے نمائندوں اور پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کے لیے پاکستان اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

Related posts

باب المندب اور آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت میں نمایاں کمی

ایرانی وومن ٹیم کی 2 فٹبالرز کو آسٹریلیا کی شہریت مل گئی

فلموں کی کمائی کے اعداد و شمار بڑھا چڑھا کر پیش کیے جاتے ہیں: ہما قریشی