امریکا سمجھتا تھا وہ شام کی طرح ایران میں بھی حکومت الٹ دے گا، مسعود پزشکیان

فائل فوٹو

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا سمجھتا تھا کہ جنگ اور پابندیوں کے ذریعے شام کی طرح ایران میں بھی حکومت کا تختہ الٹ دیا جائے گا مگر اسے ناکامی ہوئی۔ 

ایک انٹرویو میں ایرانی صدر نے کہا کہ نئے سپریم لیڈر نے ایران کو متحد اور مضبوط بنایا ہوا ہے، ایرانی عوام کے حوصلے اور عزم نے دشمن کے ارادے ناکام بنادیے۔

صدر پزشکیان نے کہا کہ دشمن نے سازش کی تھی کہ اڑتالیس گھنٹے میں ایرانی حکومت کا تختہ الٹ دیا جائے گا مگر تمام تر مشکلات کے باوجود ایران آج طاقتور اور باوقار ملک کہلاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں امریکا اور اسرائیل کی یہ منطق سمجھ نہیں آتی کہ وہ کیوں ایرانی یونیورسٹیوں اور تحقیقی اداروں کو نشانہ بناتے ہیں۔ 

ایرانی صدر نے کہا کہ امریکا ہر اس علامت کے خلاف ہے جو ایرانی عوام کو آزاد اور تخلیق کار بناتی ہے۔ دشمن نہیں چاہتا کہ کوئی بھی قابل شخص ایران میں قائدانہ کردار ادا کرے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ایران کے زیادہ تر شہید کمانڈر اور سائنس دان سادہ زندگی گزارتے تھے۔ ان کا ذاتی گھر تک نہ تھا جو انکے بے لوث جذبے کی علامت ہے۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ اقتصادی اور سیکیورٹی چیلنجز کے باوجود قومی اتحاد نے ایران کو ناقابل تسخیر بنایا ہوا ہے۔ 

ایک سوال پر ایرانی صدر نے کہا کہ سپریم لیڈر آیت اللّٰہ مجتبیٰ خامنہ ای سے رابطے بہت مشکل ہیں مگر انکی موجودگی ایرانی عوام کے لیے غیرمعمولی طاقت کا سبب ہے۔

مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ سپریم لیڈر نے اہم معاملے پر اتفاق رائے سے متعلق ماہرین کی رائے قبول کرلی تھی۔ اگر تین چوتھائی ووٹ حق میں آئے تو معاملہ قبول کرلیا جائے گا۔ 

Related posts

وزیراعظم کو مشورہ دوں گا وفاقی کابینہ کے تمام وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لیں، محسن نقوی

امریکا نے ایران سے متعلق پابندیاں نہیں اٹھائیں، ایرانی میڈیا

لندن، پاکستانی ہائی کمیشن میں ’یوم استحصال کشمیر‘ سیمینار کا انعقاد