بٹلر ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے، پولارڈ کا ریکارڈ توڑ دیا

جوز بٹلر – فوٹو: سوشل میڈیا

انگلینڈ کے اسٹار وائٹ بال بیٹر جوز بٹلر نے ویسٹ انڈیز کے سابق آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

دی ہنڈرڈ کے معرکے میں مانچسٹر سپر جائنٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے بٹلر نے ویلش فائر کے خلاف چھکوں کی برسات کر کے یہ تاریخی سنگ میل عبور کیا۔

خیال رہے کہ دی ہنڈرڈ فارمیٹ کی اننگز 20 اوورز کے مساوی ہونے کی وجہ سے اس کے رنز کو ٹی ٹوئنٹی ریکارڈز میں شمار کیا جاتا ہے۔

اپنے بیان میں جوز بٹلر کا کہنا ہے کہ مجھے اس کامیابی پر فخر ہے۔

میچ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے جوز بٹلر کا کہنا تھا کہ ’ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں دنیا میں سب سے زیادہ رنز بنانا واقعی ایک شاندار اور فخر کا لمحہ ہے۔ یقیناً ایک دن کوئی نہ کوئی اس ریکارڈ کو توڑ دے گا۔‘

کچھ ماہ قبل خراب فارم اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں خراب کارکردگی پر ہونے والی تنقید کے جواب میں انہوں نے کہا، ’کرکٹ میں حالات بدلتے دیر نہیں لگتی۔ چند ماہ پہلے میں فارم کے لیے جدوجہد کر رہا تھا اور آج میں شاید اپنی بہترین بیٹنگ کر رہا ہوں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ جب آپ کی فارم خراب ہو تو دو ہی راستے ہوتے ہیں کہ یا تو ہمت ہار دیں یا پھر دوبارہ واپسی کا جنون دکھائیں۔

خیال رہے کہ 746 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل کر ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ نے 14 ہزار 803 رنز بنائے تھے تاہم جوز بٹلر نے یہ ریکارڈ 521 میچز میں توڑ دیا۔ 

اس فہرست میں تیسرے نمبر پر 14 ہزار 562 رنز کے ساتھ کرس گیل اور چوتھے نمبر پر انگلینڈ کے جیمز وینس ہیں جنہوں نے 14 ہزار 449 رنز بنائے ہوئے ہیں۔ 

پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی اسٹار آل راؤنڈر شعیب ملک ہیں، انہوں نے 557 میچز میں 13 ہزار 571 رنز بنائے۔

Related posts

کرینہ اور سنجے لیلا کا 25 سال پرانا اختلاف ختم ہونے والا ہے؟

پاکستان امریکا اقتصادی تعاون پر مذاکرات میں پیش رفت، معاملات کو حتمی شکل دینے پر اتفاق

ٹرمپ عظیم دوست، لیکن معاہدہ ہو یا نہ ہو، اسرائیل دفاع کیلئے جو بہتر سمجھے گا کرے گا، نیتن یاہو