مائیکرو پلاسٹکس جسم میں داخل ہوں تو کیا ہوتا ہے؟ ماہرین نے خطرات اور بچاؤ کے آسان طریقے بتا دیے

—فائل فوٹو

دنیا بھر میں مائیکرو پلاسٹکس کی مقدار ماحول میں تیزی سے بڑھ رہی ہے، یہ ننھے پلاسٹک کے ذرات پینے کے پانی، سمندری خوراک، پھل، سبزیوں، نمک، شہد، چاول، گوشت، چائے، حتیٰ کہ سانس کے ذریعے بھی انسانی جسم میں داخل ہو سکتے ہیں۔

سائنس دان ان ذرات کو انسانی خون، پھیپھڑوں اور شریانوں میں بھی دریافت کر چکے ہیں تاہم ان کے صحت پر مکمل اثرات جاننے کے لیے تحقیق جاری ہے۔

ماہرین کے مطابق مائیکرو پلاسٹکس، پلاسٹک کے وہ ذرات ہیں جن کا سائز 5 ملی میٹر سے کم ہوتا ہے جبکہ اس سے بھی چھوٹے نینو پلاسٹکس جسم کے مختلف اعضاء تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

تحقیقی مطالعات کے مطابق مائیکرو پلاسٹکس جسم میں سوزش، خلیوں کو نقصان، آکسیڈیٹو دباؤ اور آنتوں میں موجود مفید بیکٹیریا کے توازن کو متاثر کر سکتے ہیں۔ 

اس کے علاوہ یہ کیڑے مار ادویات، بھاری دھاتوں اور پلاسٹک میں شامل کیمیائی اجزاء کو بھی جسم میں منتقل کر سکتے ہیں تاہم ان کے طویل مدتی اثرات پر ابھی حتمی سائنسی اتفاقِ رائے موجود نہیں۔

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق نسبتاً بڑے مائیکرو پلاسٹکس زیادہ تر نظامِ ہضم کے ذریعے فضلے کے ساتھ خارج ہو جاتے ہیں جبکہ تشویش کا باعث انتہائی باریک نینو پلاسٹکس ہیں جو جسم کی مختلف بافتوں تک پہنچ سکتے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے مطابق مائیکرو پلاسٹکس اب سمندروں، دریاؤں، مٹی، فضاء اور خوراک میں تقریباً ہر جگہ موجود ہیں، اس لیے ان سے مکمل طور پر بچنا ممکن نہیں تاہم ان کی مقدار کم کی جا سکتی ہے۔

ماہرین نے مائیکرو پلاسٹکس سے بچاؤ کے لیے چند آسان احتیاطی تدابیر بھی تجویز کی ہیں جو درج ذیل ہیں:………

  • کھانا پلاسٹک کے برتن میں ڈال کر مائیکرو ویو اوون میں گرم کرنے کے بجائے شیشے یا مٹی کے برتن میں گرم کریں۔
  • گرم کھانے اور مشروبات کے لیے پلاسٹک کے بجائے شیشے یا اسٹیل کے برتن استعمال کریں۔
  • دوبارہ استعمال ہونے والی بوتلوں اور ڈبوں کا آپشن استعمال کریں۔
  • پھل اور سبزیوں کو بھی اچھی طرح دھو کر استعمال کریں۔
  • جہاں ممکن ہو فلٹر شدہ نلکے کے پانی کو بند بوتل کے پانی پر ترجیح دیں۔
  • ماہرین کا کہنا ہے کہ جب تک مائیکرو پلاسٹکس کے انسانی صحت پر مکمل اثرات واضح نہیں ہو جاتے غیر ضروری استعمال کم اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہی بہترین حکمتِ عملی ہے۔

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Related posts

میری معلومات کے مطابق میر رضا نے خودکشی نہیں کی: گورنر سندھ نہال ہاشمی

52 سال بعد خاندان میں بیٹی کی پیدائش، خوشی کی لہر دوڑ گئی

اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی، امریکی کرکٹر پر 8 سال کی پابندی عائد