چینی افواج کے سدرن تھیٹر کمانڈ نے ہوانگ یان ڈاؤ اور اس کے گرد و نواح کے علاقائی پانیوں اور فضائی حدود میں مشترکہ بحری و فضائی تربیتی مشقیں کی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق چینی فوج نے جنوبی بحیرۂ چین میں واقع متنازع اسکاربرو شول کے اطراف مشترکہ فضائی اور بحری جنگی مشقیں کی ہیں۔
پیپلز لبریشن آرمی کے سدرن تھیٹر کمانڈ نے ہفتے کے روز جاری بیان میں اس کی تصدیق کی۔
بیان کے مطابق یہ مشقیں اسکاربرو شول کے فضائی اور سمندری حدود میں منعقد کی گئیں، جسے چین میں ہوانگ یان داؤ بھی کہا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ اسکاربرو شول پر فلپائن بھی دعویٰ رکھتا ہے، جہاں اسے باجو ڈی ماسنلوک کہا جاتا ہے۔
چینی تھیٹر کمانڈ کے مطابق یہ مشقیں جنوبی بحیرۂ چین کی موجودہ صورتِ حال کے پیشِ نظر اور خطے کے بعض ممالک کی جانب سے ایسے اقدامات کے ردِعمل میں کی گئی ہیں جو علاقائی امن اور استحکام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
ان تربیتی مشقوں کا مقصد افواج کی حقیقی جنگی صلاحیتوں کو جانچنا اور بہتر بنانا ہے تاکہ چین کی علاقائی خود مختاری اور سمندری حقوق و مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔
چین نے ہفتے کے روز ہوانگ یان جزیرہ نیشنل نیچر ریزرو کے انتظام سے متعلق نئی پالیسی بھی جاری کی۔
سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق یہ محفوظ علاقہ ستمبر 2025ء میں قائم کیا گیا تھا۔
نئی پالیسی کے تحت محفوظ علاقے میں بغیر اجازت ماہی گیری، کان کنی، مرجان یا دیوہیکل سیپ (جائنٹ کلیم) کے حصول سمیت ماحول کو نقصان پہنچانے والی دیگر سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔