بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے بھارتی ریاست آسام کے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کے لیے امدادی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سلمان خان نے اپنی فلاحی تنظیم’بینگ ہیومن‘ کے ذریعے آسام میں سلمان خان فین کلب (ایس کے ایف سی) سے رابطہ کیا اور متاثرہ خاندانوں تک امداد پہنچانے کے لیے مرحلہ وار منصوبہ تیار کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں اداکار کی فلاحی تنظیم آسام میں سلمان خان فین کلب (ایس کے ایف سی) کے ساتھ مل کر ریاست کے شہر سیوا ساگر میں کھانے کے پیکٹ پہنچائے گی۔ ہر پیکٹ میں بسکٹ، گڑ، پوہا، پفڈ چاول، روٹی، پنیر اور جام موجود ہے۔
سلمان خان کی ترجیح اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ حالات بہتر ہونے تک تمام خاندانوں کے پاس کم از کم 3 دن تک کا کھانا موجود ہو۔
اداکار کی جانب سے بھیجی جانے والی امداد میں سینیٹری پیڈ، مچھر مار کوائل، پینے کا پانی اور پانی صاف کرنے والی گولیاں شامل ہیں۔
امدادی مہم کے دوسرے مرحلے میں راشن کٹس اور ادویات کی تقسیم پر توجہ دی جائے گی جس کا آغاز اگلے ہفتے ہوگا۔
امدادی مہم کے آخری مرحلے میں سلمان خان کی فلاحی تنظیم’بینگ ہیومن‘ شدید متاثرہ علاقوں میں اسکولوں اور اسپتالوں کی تعمیرِ نو کی ذمے داری بھی اٹھائے گی۔