برطانیہ کے دورے پر آئے اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان کے رکن ڈاکٹر رانا محمد شفیق خان پسروری نے مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ رسول اللّٰہ ﷺ کی مقدس سیرت کی روشنی کے مطابق زندگی گزاریں اور حسن اخلاق کے ذریعے دیگر مذاہب کو اسلام کا بہترین تعارف پیش کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانچسٹر کے معروف اسلامی مرکز مکّی مسجد لانگ سائٹ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر حافظ حمود الرحمٰن شرقپوری، چوہدری محمد اشرف، چوہدری طاہر صدیق، چوہدری رب نواز، ڈاکٹر ظفر اقبال، حافظ عابد شاہین، عاطف احمد اور دیگر زعماء کے علاوہ مسلم کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے کثیر افراد موجود تھے۔
رانا شفیق پسروری نے کہا کہ مسلمانوں کو برطانیہ میں ملکی قوانین کا احترام، زبان اور ہاتھ سے سلامتی کا پیغام عام کرنا چاہیے، آپس میں اتفاق و اتحاد اور حسنِ خلق کا مظاہرہ کریں، آپ لوگ اپنے دین اور اپنے معاشرے کے نمائندے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان سیرتِ پاک کا سفیر بن کر زندگی گزارے تاکہ غیر مسلم دیکھیں تو بے ساختہ کہہ اٹھیں کہ اگر عام افراد ایسے بہترین ہیں تو جس نبی ﷺ کی تعلیمات پر مسلمان عمل کرتے ہیں وہ رہبر اور رسول خود کتنے عظیم ہوں گے۔
انہوں نے خطبہ کے دوران امت مسلمہ کے اتفاق ،اتحاد اور دنیا بھر کے مظلوموں نیز مملکت پاکستان کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔