شوہر کی پہلی برسی پر ہیما مالنی کے احساسات

اداکارہ، سیاست دان ہیما مالنی اور اداکار دھرمیندر—فائل فوٹو

بالی ووڈ کی معروف و سینئر اداکارہ، سیاست دان ہیما مالنی نے اپنے آنجہانی شوہر لیجنڈ اداکار دھرمیندر کی پہلی برسی کے موقع پر ان کے ساتھ اپنے دوستانہ اور محبت بھرے تعلق کی یادیں تازہ کی ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فلم باغبان کی اداکارہ نے ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے دھرمیندر کے ساتھ ازدواجی زندگی کے 45 برسوں کی یادوں کو تازہ کیا۔

ہیما مالنی نے کہا کہ وہ میرے بہترین دوست تھے، شاید میں ان کے ساتھ اتنا وقت نہیں گزار سکی جتنا گزارنا چاہتی تھی، لیکن ہم نے جو وقت بھی ساتھ گزارا، وہ میرے لیے نہایت قیمتی اور سکون بخش تھا، تاہم کسی بھی چیز سے آپ کو اپنے کسی عزیز کے بچھڑنے کے لیے تیار نہیں کیا جا سکتا۔

78 سالہ اداکارہ نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے 1 سال نہیں گزرا بلکہ پوری زندگی گزر گئی ہو، کیا مجھے ان کی یاد آتی ہے؟ ہر لمحہ، ہر چیز مجھے ان کی یاد دلاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ وقت ہر زخم کا بہترین مرہم ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ درد کم ہو جاتا ہے، لیکن یہ درست نہیں، دنیا آگے بڑھ جاتی ہے، جبکہ اپنے کسی عزیز کو کھونے والے کا غم وہیں ٹھہر جاتا ہے اور وقت کے ساتھ نہیں بدلتا۔

واضح رہے کہ ہیما مالنی اور دھرمیندر بالی ووڈ کی مقبول ترین جوڑیوں میں شمار ہوتے تھے، دونوں نے متعدد فلموں میں ایک ساتھ کام کیا، جن میں سیتا اور گیتا، شعلے اور ڈریم گرل نمایاں ہیں۔

یاد رہے کہ دھرمیندر 24 نومبر 2025ء کو 89 برس کی عمر میں چل بسے تھے۔