بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے تقریباً 1 ماہ بعد مرکزی ملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مہاراشٹر کے انسدادِ منظم جرائم قانون (ایم سی او سی اے) کے تحت قائم خصوصی عدالت کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کم عمر ہے۔
عدالت نے ہدایت کی ہے کہ کم عمر ملزم کو مزید کارروائی کے لیے جووینائل جسٹس بورڈ (JJB) کے سامنے پیش کیا جائے۔
خصوصی جج ستیہ نارائن آر ناوندر نے کم عمر ملزم کی عمر کی تصدیق کے بعد یہ حکم جاری کیا، عمر کی جانچ جووینائل جسٹس (بچوں کی نگہداشت اور تحفظ) ایکٹ کی دفعہ 9 کے تحت کی گئی۔
ملزم کی عمر کی تصدیق کا عمل اس وقت شروع کیا گیا جب ملزم کے والد نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ فائرنگ کے وقت میرا بیٹا 18 سال سے کم عمر تھا، لہٰذا اس کے خلاف کارروائی نابالغوں سے متعلق قوانین کے تحت کی جانی چاہیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، تاہم وہ 30 نومبر کو 18 سال کا ہو جائے گا، یہ اس مقدمے میں گرفتار ہونے والا پہلا ملزم ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں تفتیشی افسر نے ملزم کی تاریخِ پیدائش 30 نومبر 2008ء کی تصدیق کی۔
واضح رہے کہ فائرنگ کا واقعہ 18 اکتوبر کو ممبئی کے علاقے جوہو میں پیش آیا تھا۔
2 مبینہ حملہ آوروں نے موٹر سائیکل سوار ساتھی کے ہمراہ فٹ بال گراؤنڈ سے روانگی کے وقت ٹائیگر شروف کی گاڑی پر 5 گولیاں چلائی تھیں۔
خوش قسمتی سے اداکار معمولی چوٹوں کے ساتھ محفوظ رہے، تاہم ان کے ڈرائیور اور وہاں موجود ایک وی لاگر گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے تھے۔
بعد ازاں لارنس بشنوئی گینگ کے مبینہ رکن انیل پنڈت نے حملے کی ذمے داری قبول کی تھی۔