ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پاکستان کرکٹ بورڈ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹس کا مقصد کھلاڑیوں کو مالی معاونت فراہم کرنا اور انہیں کھیل پر توجہ مرکوز رکھنے میں مدد دینا ہے۔
عاقب جاوید نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹس کی تشکیل میں کھلاڑیوں کی ماضی کی کارکردگی اور مستقبل کی ضروریات کو مدِنظر رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 برس سے سینٹرل کنٹریکٹس کے روایتی نظام میں تبدیلی کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ کنٹریکٹ کی کیٹیگریز کرکٹ فارمیٹس کی بنیاد پر تشکیل دی گئی ہیں، سینٹرل کنٹریکٹس میں مزید 2 کھلاڑیوں کی شمولیت کی گنجائش موجود ہے۔
عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کو اگلی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل کے لیے تیار کیا جا رہا ہے، ہدف پاکستان کو دنیا کی 3 سے 4 بہترین ٹیسٹ ٹیموں میں شامل کرنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں موجود ٹیلنٹ کے اعتبار سے ٹیسٹ رینکنگ میں نویں پوزیشن ہمارے شایانِ شان نہیں۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پی سی بی نے بتایا کہ ٹیسٹ اور ون ڈے کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی کم از کم 4 فرسٹ کلاس میچز کھیلیں گے، جبکہ ٹیسٹ اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کی میچ فیس اور مالی مراعات میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
عاقب جاوید کے مطابق فرسٹ کلاس کرکٹ کھلاڑیوں کو اپنی تکنیک بہتر بنانے کا موقع فراہم کرتی ہے، حارث رؤف کو بھی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے سے بہت فائدہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ کے علاوہ 3 دیگر لیگز کھیلنے کی اجازت ہو گی۔
عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ کے حصول کے لیے فٹنس اولین شرط ہے، جبکہ فٹنس، ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت اور مؤثر کارکردگی سینٹرل کنٹریکٹس کے بنیادی معیار ہیں۔