پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ تجربہ کار سری لنکن ٹیم کے خلاف نئے پاکستانی کھلاڑیوں کی پرفارمنس دیکھ کر خوشی ہوئی۔
ان کا کہنا ہے کہ نئے پاکستانی کھلاڑیوں نے سیریز میں میچ ونر کارکردگی دکھائی، جبکہ سینئر کھلاڑیوں نے بھی نئے کھلاڑیوں کی ڈیولپمنٹ میں کردار ادا کیا۔
مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ آئندہ ہوم سیریز میں بھی ایسی وکٹوں پر کھیلیں گے جو غیر ملکی کنڈیشنز کی تیاری میں مددگار ہوں، کیوں کہ ہمیں ساؤتھ افریقا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں سیم اور سوئنگ والی وکٹیں ملتی ہیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں ثاقب خان کی کمی محسوس ہوئی، وہ ہمارے ٹیسٹ اٹیک میں بہت اچھی شمولیت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ثاقب کی غیر موجودگی میں سری لنکا کو دوسری اننگز میں آل آؤٹ کرنے پر باقی بولرز پر فخر ہے، رضا اللّٰہ کی پیس، عامر جمال کی سیم موومنٹ، عباس کی ایکوریسی، ثاقب کی سوئنگ مل کر اچھا اٹیک بناتی ہیں۔
مائیک ہیسن نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ ملی تو طیب عارف اور طحہٰ نے نئی گیند کا بہت اچھی طرح سامنا کیا، اذان اویس نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بہت اچھی بیٹنگ کی۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ سلمان علی آغا ہمارے لیے اہم کھلاڑی ہیں، محمد سلیمان، سعد بیگ، سمیر منہاس، علی شبیر ٹیلینٹڈ نوجوان کھلاڑی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علی شبیر کافی تیز رفتار بولر ہیں، جو ریورس سوئنگ بھی کروا سکتے ہیں، ابرار احمد اور علی عثمان کی ضرورت پڑی تو انہیں بھی ٹیسٹ ٹیم میں بلا سکتے ہیں، ہمارے پاس اس وقت بہت اچھے آپشن موجود ہیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ ساجد خان بھی اچھے اسپنر ہیں، جو لیفٹ ہینڈ بیٹرز کو بہترین بولنگ کرواتے ہیں۔