سابق چیئرمین آئی پی ایل للت مودی نے بریک اپ کے برسوں بعد اداکارہ اور سابق مس یونیورس سشمیتا سین کے لیے محبت بھرا پیغام جاری کر دیا۔
للت مودی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ کی 51 ویں سالگرہ کے موقع پر ان کے ہمراہ اپنی ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ میری پیاری دوست سشمیتا سین کو سالگرہ مبارک ہو، ہمیشہ مسکراتی رہیں۔
للت مودی کی یہ پوسٹ میڈیا اور سوشل میڈیا پر خصوصی توجہ کا مرکز بن گئی ہے کیونکہ ان کے سشمیتا سین کے ساتھ تعلقات ختم ہوئے کئی برس گزر چکے ہیں لیکن وہ اب بھی اداکارہ کے لیے احترام اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔
یاد رہے کہ للت مودی اور سشمیتا سین جولائی 2022ء میں اس وقت خبروں کی زینت بنے تھے جب ان دونوں کی مالدیپ اور سارڈینیا میں ساتھ چھٹیاں گزارتے تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔
سابق چیئرمین آئی پی ایل نے اداکارہ کو اپنی’بیٹر ہاف‘ قرار دیتے ہوئے زندگی کے نئے باب کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔
اس پوسٹ کے سامنے آنے کے بعد دونوں کی شادی کی خبریں بھی گردش کرنے لگیں تھیں لیکن للت مودی نے بعد میں واضح کر دیا تھا کہ دونوں ڈیٹنگ کر رہے ہیں، ابھی تک شادی نہیں ہوئی۔
ان کے تعلقات سامنے آنے کے بعد سشمیتا سین کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا اور بعض صارفین نے انہیں ’گولڈ ڈگر‘ قرار دیا تھا۔