مس یونیورس ویتنام 2026ء جیتنے والی ماڈل سے 48 روز بعد ہی تاج واپس لے لیا گیا

کوئن آئن نگوین—فوٹو بشکریہ غیر ملکی میڈیا

مس یونیورس ویتنام 2026ء کا خطاب جیتنے والی کوئن آئن نگوین سے مبینہ ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزیوں اور تنازعات کے باعث تاج واپس لے لیا گیا، مقابلے کی انتظامیہ نے ماڈل پر 6 ماہ کی پابندی عائد کرنے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔

مقابلے کی منتظم کمپنی ’فائیو سکس انٹرٹینمنٹ‘ کے جنرل ڈائریکٹر فام دوی خانح نے 18 نومبر کو جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ نگوین کو انتظامیہ کی اجازت کے بغیر مختلف تقریبات میں شرکت کرتے ہوئے دیکھا گیا جس سے مقابلے کی ساکھ اور تشخص متاثر ہوا۔

دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق تنازع کا آغاز اکتوبر میں ہوا تھا جب سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر نگوین اور پہلی رنر اپ ترن مائی انہ کی ایسی گفتگو کے اسکرین شاٹس سامنے آئے جن میں انہوں نے مقابلۂ حسن سے وابستہ دیگر شخصیات کے بارے میں نامناسب تبصرے کیے تھے، بعد ازاں مائی انہ نے معذرت بھی کی تھی۔

12 اکتوبر کو انتظامیہ نے ان پیغامات کی تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا جبکہ 25 اکتوبر کو نگوین کو 6 ماہ کے لیے مقابلے کی تمام سرگرمیوں سے معطل کر دیا گیا تھا۔

انتظامیہ کے مطابق نگوین نے اپنی ذہنی صحت سے متعلق مسائل کا ذکر کرتے ہوئے آرام اور علاج کے لیے وقت مانگا تھا، ماڈل نے معاہدے کی ذمے داریاں پوری کرنے سے بھی معذوری ظاہر کی تھی تاہم اس کے باوجود مختلف تقریبات میں شرکت کی دعوتیں قبول کرتی رہیں۔

واضح رہے کہ نگوین کو اس سے قبل بھی مس یونیورس 2026ء میں ویتنام کی نمائندگی کے لیے نااہل قرار دیا گیا تھا، اس کی وجہ ویتنام میں مس یونیورس مقابلے کے انعقاد کے حقوق پر تنازع تھا۔

اس فیصلے کے بعد ویتنام 12 سال میں پہلی بار مس یونیورس کے عالمی مقابلے میں اپنا امیدوار نہیں بھیجے گا، ویتنام نے آخری بار 2014ء میں اس مقابلے میں شرکت نہیں کی تھی۔