بھارتی ٹیلی ویژن اداکار آیوش شاہ اور ان کی بہن کے ساتھ سرمایہ کاری کے نام پر کروڑوں روپے کا فراڈ ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 31 سالہ اداکار ایک مبینہ فراڈ میں 4 کروڑ 44 لاکھ روپے سے زائد رقم سے ہاتھ دھو بیٹھے، پولیس نے عدالتی حکم کے بعد 5 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔
آیوشن شاہ ’نَویا‘، ’مہابھارت‘، ’اترن‘ اور ’سوریا پترا کرن‘ جیسے ٹی وی سیریلز میں کام کر چکے ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق، گڑگاؤں کے رہائشی آیوش شاہ، جو شیئر ٹریڈنگ کے کاروبار سے بھی وابستہ ہیں اور ایک پی آر ایجنسی چلاتے ہیں، کا اکتوبر 2019 میں سوشل میڈیا کے ذریعے وشواجیت گھوش نامی شخص سے رابطہ ہوا۔
گھوش نے مبینہ طور پر دعویٰ کیا کہ وہ ایک پرائیویٹ کمپنی چلاتا ہے، جو خواہشمند ایئر ہوسٹسز اور کیبن کریو کو تربیت دیتی ہے اور پورے بھارت میں اس کے 12 مراکز ہیں۔ اس نے شاہ کو بھاری منافع کے لیے سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔
اپنے اہلِ خانہ سے مشورے کے بعد شاہ اور ان کی بہن نے کمپنی میں سرمایہ کاری کر دی۔ جب انہوں نے تفصیلات طلب کیں تو ملزم نے مبینہ طور پر کہا کہ وہ فرم میں محض شراکت دار ہے۔ تاہم، شاہ کو مبینہ طور پر صرف ایک ہی بار منافع ملا۔
ایف آئی آر میں شاہ نے کئی مالی بے ضابطگیوں کا الزام عائد کیا اور الزام لگایا کہ رقم کی واپسی کے لیے گھوش کی جانب سے جاری کیے گئے 32 چیک باؤنس ہو گئے۔