بھارتی سنیما کے معروف شاعر، نغمہ نگار اور مصنف جاوید اختر نے فلمی موسیقی کی تیاری میں غیر متعلقہ افراد اور پروڈیوسرز کی بڑھتی ہوئی مداخلت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ممبئی میں ’انڈین پرفارمنگ رائٹ سوسائٹی‘ اور ای وائی کی میوزک کریئیٹر رپورٹ کی تقریبِ رونمائی کے موقع پر انہوں نے کہا کہ نغمہ نگاروں اور موسیقاروں کو کام کرنے کی کھلی آزادی نہیں دی جا رہی۔
جاوید اختر نے کہا کہ اب معاملہ الٹا ہو گیا ہے اور ضرورت سے زیادہ شرائط و مداخلت نے تخلیقی عمل کو متاثر کیا ہے۔
ان کے مطابق جب کوئی شاعر یا نغمہ نگار لکھتا ہے تو وہ موجودہ کام سے 100 گنا بہتر لکھ سکتا ہے، لیکن اسے اس کا موقع ہی نہیں دیا جاتا۔
انہوں نے ارشاد کامل جیسے باصلاحیت نغمہ نگاروں کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا انہیں واقعی اچھے گانے لکھنے کی آزادی ملتی ہے؟
اپنا ایک ذاتی واقعہ سناتے ہوئے جاوید اختر نے بتایا کہ ایک ایگزیکٹو نے ان کے ایک گانے میں لفظ ’روٹھنا‘ کے استعمال پر اعتراض اٹھایا تھا۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا، ’لکھنے اور موسیقی کے معاملے میں ہر کوئی سمجھتا ہے کہ اسے سب معلوم ہے۔ لوگ فزکس، کیمسٹری یا جیولوجی نہیں جانتے ہوں گے، مگر شاعری اور موسیقی کے بارے میں سمجھتے ہیں کہ انہیں سب کچھ آتا ہے۔‘