بھارتی اداکارہ اور میڈیا شخصیت راکھی ساونت نے اپنے بچپن کے خوابوں، بالی ووڈ میں کامیابی کے عزائم اور زندگی میں پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی ہے۔
ایک انٹرویو میں راکھی ساونت نے بتایا ہے کہ میں بچپن میں شادی اور بچوں کی روایتی زندگی گزارنے کے بجائے اپنی الگ پہچان بنانا چاہتی تھیں، جیسا کہ میرے خاندان کی دیگر لڑکیوں سے توقع کی جاتی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ اب ماضی پر نظر ڈالنے کے بعد میں سمجھتی ہوں کہ زندگی میں شادی اور خاندان کی بھی اپنی اہمیت ہے۔
راکھی ساونت نے بالی ووڈ میں اپنے سفر کا ذکر کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ میں نے فلمی دنیا میں کچھ خواب لے کر قدم رکھا تھا، لیکن میں اپنی تمام خواہشات پوری نہیں کر سکی۔
ان کا کہنا ہے کہ والدہ کی بیماری، ازدواجی مسائل اور قریبی لوگوں کی جانب سے ملنے والے دھوکوں سمیت زندگی کے کئی تلخ تجربات نے مجھے اپنے اصل مقاصد سے دور کر دیا۔
اداکارہ نے کہا کہ بچپن میں انسان کو اپنے مستقبل اور مقاصد کا واضح تصور ہوتا ہے، لیکن بڑے ہونے کے بعد ذمے داریاں اور اچانک پیش آنے والے مسائل انسان کی توجہ مختلف سمتوں میں لے جاتے ہیں۔
اپنی زندگی کے تجربات یاد کرتے ہوئے راکھی ساونت جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور رو پڑیں، انہوں نے آبدیدہ ہو کر کہا کہ میری تو زندگی برباد ہو گئی۔
اداکارہ نے یہ الفاظ اپنی زندگی کے گزرے ہوئے حالات اور ادھورے رہ جانے والے خوابوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہے۔