پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا قمر نے ماضی کی معروف فلمی اداکارہ صابرہ سلطانہ کی کسم پرسی کی خبریں سامنے آنے کے بعد ان تک پہنچنے کے لیے عوام سے مدد کی اپیل کر دی۔
صبا قمر نے اپنی انسٹا اسٹوری پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں بزرگ اداکارہ کی موجودہ زندگی اور مشکلات کی جانب توجہ دلائی گئی ہے۔
اُنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ کیا کوئی صابرہ سلطانہ کو جانتا ہے یا ان سے رابطہ کرنے کے لیے کوئی فون نمبر فراہم کر سکتا ہے؟

اداکارہ نے خواہش ظاہر کی ہے کہ میں خود بزرگ اداکارہ صابرہ سلطانہ سے رابطہ کر کے ان کی زندگی آسان بنانے کے لیے جو ممکن ہو سکا کروں گی۔
واضح رہے کہ صابرہ سلطانہ 21 ستمبر 1945ء کو پیدا ہوئی تھیں، جنہوں نے پاکستانی فلم انڈسٹری کے سنہری دور میں اپنی خوبصورتی اور اداکاری کے باعث نمایاں مقام حاصل کیا۔
انہیں’ملکۂ حسن‘ اور ’ماربل اسٹیچو‘ جیسے القابات سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔
اداکارہ نے ’انصاف‘، ’جمیلہ‘، ’کنیز‘ اور ’انسان‘ سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
اب زندگی کے اس حصے میں صابرہ سلطانہ کو صحت کے مسائل، مالی مشکلات اور تنہائی کا سامنا ہے۔