بالی ووڈ کی پاکستان مخالف پروپیگنڈا فلم ’دھریندر: دی ریوینج‘ کو گریمی ایوارڈز کے لیے 8 کیٹیگریز میں اندراج کے باوجود ایک بھی نامزدگی نہیں ملی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں 2027ء کے گریمی ایوارڈز کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فلم کے گانے اور ساؤنڈ ٹریک 8 مختلف کیٹیگریز میں غور کے لیے پیش کیے گئے تھے، لیکن یہ کسی بھی کیٹیگری میں نامزدگی حاصل کرنے میں ناکام رہی، جس کے باعث فلم موسیقی کے ان معتبر عالمی ایوارڈز میں اعزاز حاصل کرنے کا موقع گنوا بیٹھی۔
2027ء کے گریمی ایوارڈز میں برطانوی گلوکارہ اور نغمہ نگار رے (RAYE) سب سے زیادہ نامزدگیاں حاصل کرنے والی فن کار بن کر سامنے آئیں، جنہیں مجموعی طور پر 11 کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا۔
ان کے بعد روزالیا 9 نامزدگیوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں، ایلا لینگلی، فوبی برجرز، مرانڈا لیمبرٹ اور اولیویا روڈریگو نے 7، جبکہ برونو مارس، لیون تھامس اور اولیویا ڈین نے 6، 6 نامزدگیاں حاصل کیں۔
دوسری جانب گلوکارہ بیونسے نے بھی گریمی ایوارڈز کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا، وہ اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 100 گریمی نامزدگیاں حاصل کرنے والی پہلی فن کار بن گئیں۔
2027ء کے گریمی ایوارڈز کی تقریب 7 فروری 2027ء کو امریکی شہر لاس اینجلس کے کرپٹو ڈاٹ کام ایرینا میں منعقد ہو گی۔