پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اپنی ان تصاویر اور ویڈیوز پر ردِعمل ظاہر کر دیا، جنہیں دیکھ کر مداحوں کو گمان ہونے لگا تھا کہ انہوں نے خفیہ طور پر شادی کر لی ہے۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر عاصم اظہر نے اسٹوری شیئر کی اور زیرِ گردش قیاس آرائیوں کی وضاحت کی ہے۔
گلوکار نے بتایا کہ یہ مناظر ایک شوٹ کے دوران فلمائے گئے تھے، جنہیں سیٹ پر موجود کسی شخص نے لیک کر دیا۔
انہوں نے لکھا کہ یہ شوٹ تھا، سیٹ سے کسی نے تصاویر لیک کر دیں، اب کیا کر سکتے ہیں؟
گلوکار نے ان تصاویر کو تشہیری حربہ قرار دینے سے متعلق قیاس آرائیوں کو بھی مسترد کر دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ایسے اسٹنٹس کا شوق نہیں، ان شاء اللّٰہ جب شادی ہو گی تو دھوم دھام سے ہو گی۔
واضح رپے کہ عاصم اظہر کی چند تصاویر اور ویڈیو کلپس نومبر کے وسط میں سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھیں، جن میں گلوکار کریم رنگ کے روایتی لباس میں ایک خاتون کے ساتھ بیٹھے دکھائی دیے، جنہوں نے دیدہ زیب کام سے مزین ہلکے سبز رنگ کا عروسی جوڑا زیب تن کیا ہوا تھا۔
تقریب میں مہمانوں اور شادی کی مناسبت سے کی گئی آرائش نے اس منظر کو شادی یا منگنی کی تقریب کا تاثر دیا۔
تصاویر اور ویڈیوز سامنے آتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے سوالات کرنا شروع کر دیے کہ کیا یہ واقعی شادی کی تقریب تھی یا نہیں؟
یہ مناظر عاصم اظہر کی نجی زندگی اور اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ ان کے مبینہ تعلق کے حوالے سے جاری قیاس آرائیوں کے دوران سامنے آئے ہیں، تاہم دونوں میں سے کسی نے بھی باضابطہ طور پر اپنے تعلق کی تصدیق نہیں کی۔
رواں سال کے آغاز میں ہانیہ عامر کی عروسی لباس میں عاصم اظہر کے ساتھ رقص کرتے ہوئے ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد متعدد مداحوں نے خیال ظاہر کیا تھا کہ دونوں شادی کر چکے ہیں، تاہم بعد ازاں سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق یہ ویڈیو دراصل ایک سالگرہ کی تقریب میں بنائی گئی تھی، ہانیہ نے بھی اپنے ایک وی لاگ میں جعلی شادی کے مذاق کا ذکر کیا تھا۔
اس کے بعد رمضان 2026ء میں دونوں کے نکاح کی افواہیں بھی گردش کرنے لگیں، تاہم ان میں سے کسی کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
حالیہ تصاویر سامنے آنے سے چند روز قبل ایک کنٹینٹ کری ایٹر نے ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں شوبز شخصیات کی ممکنہ شادیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عاصم اظہر، ہانیہ عامر اور اداکارہ صبا قمر کے نام بھی لیے گئے تھے۔
ہانیہ نے اس دعوے پر مزاحیہ انداز میں ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا کہ آہستہ بولو، بے ہوش نہ ہو جائیں۔
واضح رہے کہ عاصم اظہر نے اس سے قبل اداکارہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر میرب علی سے منگنی کی تھی تاہم بعد ازاں دونوں کے درمیان علیحدگی ہو گئی تھی۔