ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اینٹی بائیوٹک ادویات کے خلاف جراثیم کی مزاحمت پاکستان میں سنگین خطرہ بن گئی۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں 2021ء کے دوران اینٹی بائیوٹک مزاحمت سے تقریباً 40 ہزار افراد ہلاک ہوئے، مزاحم جراثیم سے ہونے والے انفیکشنز کا تعلق مزید 1 لاکھ 61 ہزار اموات سے پایا گیاْ۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مرغیوں کی افزائش میں اینٹی بائیوٹک کا بے دریغ استعمال انسانی صحت کے لیے خطرہ بن گیا، پولٹری فارمز، مرغی کے گوشت اور گندے پانی میں اینٹی بائیوٹک کے خلاف مزاحم جراثیم پائے گئے۔
فیصل آباد میں 17 فیصد مرغیوں اور 13 فیصد مرغی کے گوشت کے نمونوں میں مزاحمتی جین کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ اسپتالوں کے مریضوں میں بھی اینٹی بائیوٹک کے خلاف مزاحمت پیدا کرنے والے جین کی موجودگی پائی گئی ہے۔
پمز اسلام آباد میں اینٹی بائیوٹک مزاحمت سے آگاہی کے عالمی ہفتے کے موقع پر سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر پروفیسر نسیم اختر نے کہا کہ اینٹی بائیوٹک کا غیر ضروری اور غلط استعمال ادویات کو بے اثر بنا رہا ہے، ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر اینٹی بائیوٹک استعمال کرنے سے گریز کیا جائے۔
محمد فاروق طاہر نے کہا کہ پولٹری فارمز میں اینٹی بائیوٹک کا بے جا استعمال انسانوں کے لیے خطرناک ہے۔
ڈاکٹر عاصمہ نیازی کا کہنا ہے کہ اینٹی بائیوٹک دینے سے پہلے جہاں ممکن ہو ضروری ٹیسٹ کرائے جائیں، سندھ کے 23 اضلاع میں 2019ء تک انتہائی مزاحم ٹائیفائیڈ کے 10 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔
وقاص احمد نے کہا کہ نئی اینٹی بائیوٹک ادویات کی تیاری جراثیم کی بڑھتی مزاحمت سے پیچھے رہ گئی، انتہائی مزاحم انفیکشنز کے علاج کی 2 اہم نئی اینٹی بائیوٹک ادویات پاکستان میں رجسٹرڈ نہیں ہیں۔
ماہرینِ صحت نے انسانوں، جانوروں اور ماحول میں اینٹی بائیوٹک کے استعمال کی سخت نگرانی پر زور دیتے ہوئے اسے ضروری قرار دیا۔