عدنان صدیقی کا طلعت حسین کو خراجِ عقیدت

اداکار عدنان صدیقی اور مرحوم لیجنڈ اداکار طلعت حسین—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے ماضی کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے مرحوم لیجنڈ اداکار طلعت حسین کو خراجِ عقیدت پیش کر دیا۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے طلعت حسین کے ساتھ ایک یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے پاکستانی ٹیلی ویژن کے سنہری دور کو یاد کیا اور ڈرامہ انڈسٹری کے فروغ میں مرحوم لیجنڈری اداکار کی خدمات کو سراہا۔

عدنان صدیقی نے تصویر پوسٹ کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ مجھے یاد نہیں کہ یہ تصویر کہاں کھینچی گئی تھی لیکن مقام کی اہمیت زیادہ نہیں، کیونکہ اس تصویر کو خاص بنانے والی بات یہ ہے کہ مجھے نامور اداکار طلعت حسین کے ساتھ ایک ہی فریم میں آنے کا موقع ملا۔

اپنے فنی سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے عدنان صدیقی نے کہا کہ ہماری نسل کے اداکار خوش قسمت ہیں کہ انہیں پاکستان کے چند بہترین ہدایت کاروں، اداکاروں اور مصنفین کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔

انہوں نے ان فن کاروں کی صلاحیتوں، تخلیقی بصیرت، لگن اور فنی مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہی شخصیات کی بدولت پاکستانی ٹیلی ویژن اور ڈراموں کو عالمی سطح پر پہچان حاصل ہوئی۔

اداکار نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ ان عظیم فن کاروں کو اپنے فن پر مکمل یقین تھا، وہ کہانی بیان کرنے کے عمل کو اہمیت دیتے تھے اور انہوں نے آنے والی نسلوں کے لیے کام کے اعلیٰ معیار قائم کیے۔

عدنان صدیقی کے مطابق ان شخصیات کی جانب سے رکھی گئی مضبوط بنیادوں سے آج بھی ملک کی ڈرامہ انڈسٹری مستفید ہو رہی ہے، جو اب بھی کامیاب منصوبے پیش کر رہی ہے۔

ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے عدنان صدیقی نے اس غیر معمولی دور کو دیکھنے اور اس کا حصہ بننے پر اظہارِ تشکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے وہ دن، بے مثال فن کار اور وہ جادوئی تخلیقی ماحول بے حد یاد آتا ہے، جسے ان تمام شخصیات نے مل کر پردۂ اسکرین پر تخلیق کیا تھا۔

اپنے جذباتی پیغام کے اختتام پر عدنان صدیقی نے کہا کہ بعض یادیں ان مقامات کی وجہ سے قیمتی نہیں ہوتیں جہاں وہ تخلیق ہوئیں، بلکہ ان لوگوں کے باعث یادگار بن جاتی ہیں جن کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع نصیب ہوا ہو۔

اداکار نے اس یاد گار تصویر کو ایک ناقابلِ فراموش یاد قرار دیا۔

خیال رہے کہ طلعت حسین 26 مئی 2024ء کو کراچی میں 83 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔